افغانستان: گیسٹ ہاؤس پر حملہ، چار سکیورٹی اہلکار ہلاک
2 اگست 2011عسکریت پسندوں کے اس حملے اور ایک جرمن ترقیاتی ایجنسی کے لیے کام کرنے والے ان پرائیویٹ سکیورٹی اہکاروں کی ہلاکت کا یہ واقعہ افغان صوبے قندوز میں پیش آیا۔ شمالی علاقہ قندوز افغانستان کے پرامن علاقوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
ایک اعلیٰ سکیورٹی اہلکار کے مطابق ایک خودکش بمبار نے خود کو گیسٹ ہاؤس کی عمارت کے سامنے دھماکے سے اڑا دیا۔ اس دوران دیگر دو خودکش حملہ آور عمارت کے اندر داخل ہو گئے، جہاں سکیورٹی اہلکاروں اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس افسر اور دس عام شہری بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بعد میں عمارت کے اندر موجود ان حملہ آوروں نے بھی خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ فی الحال اس حملے میں کسی غیر ملکی شہری کے زخمی ہونے سے متعلق معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
افغان پولیس تفتیش کار عبدالرحمان کے مطابق ہلاک ہونے والے یہ افغان سکیورٹی گارڈ جرمن ترقیاتی ایجنسی GIZ کے لیے حفاظت کی ذمہ داریاں ادا کرتے تھے۔
ایک ایسے موقع پر، جب افغانستان میں سلامتی کی ذمہ داریاں افغان سکیورٹی فورسز کو منتقل کی جا رہی ہیں، عسکریت پسندوں کی طرف سے مختلف مقامات پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
دوسری جانب اتوار اور پیر کی درمیانی شب مشرقی افغانستان میں نیٹو فوجی دستوں کے ایک فضائی حملے میں چار مقامی پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔ مشرقی صوبے نورستان کے گورنر نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیٹو فضائی حملے کا نشانہ ایک پولیس چوکی بنی اور یہ حملہ غلط انٹیلیجنس رپورٹوں کا نتیجہ تھا۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : امجد علی