بحرین کے خلاف غیر ملکی منصوبہ ناکام، الخلیفہ
21 مارچ 2011بحرین کی سرکاری خبر ایجنسی بی این اے کے مطابق شیخ حماد بن عیسیٰ نے ملکی فوجی دستوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحرین میں ایک بڑے غیر ملکی منصوبے کی بیس سے لے کر تیس برس تک اس لیے تیاری کی جاتی رہی کہ اس پر عملدرآمد اس وقت کیا جائے، جب زمین ہموار ہو۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کی حکومت اور عوام ان تمام ہمسایہ ملکوں کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری مظاہروں پر قابو پانے میں مناما حکومت کی مدد کی۔
بی این اے نے لکھا ہے کہ شیخ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے یہ بھی کہا کہ خلیج کی کسی عرب ریاست کے خلاف ایسا اگر ایک بھی غیر ملکی منصوبہ کامیاب ہو گیا تو اس کے اثرات لازمی طور پر تمام ہمسایہ ریاستوں پر پڑیں گے۔
بحرین میں گزشتہ ہفتہ ملکی افواج نے حکومت مخالف اور اکثریتی شیعہ آبادی سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کے خلاف جو بھاری کریک ڈاؤن کیا تھا، اس میں انہیں خلیج کی اکثریتی طور پر سنی آبادی والی دیگر عرب ریاستوں کی طرف سے اظہار یکجہتی کے لیے بحرین بھیجے گئے مسلح دستوں کی حمایت بھی حاصل تھی۔
اس فوجی کارروائی اور اس کی شدت نے جہاں ایک طرف بحرین میں اُس اکثریتی مقامی شیعہ آبادی کو قطعی طور پر حیران کر دیا تھا، جو مقامی حکمرانوں کے خلاف تحریک کی اصل قوت تھی، وہیں اس کارروائی پر خطے کی غیر عرب شیعہ طاقت ایران نے بھی بہت ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
بحرین میں شیخ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کے ملکی فوج کے ارکان سے اتوار اور پیر کی درمیانی شب خطاب کے دوران اختیار کیے گئے اس بہت واضح موقف سے صرف ایک روز قبل ایران اور بحرین نے ایک دوسرے کے اپنے ہاں متعینہ سفیروں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم بھی دے دیا تھا۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: عاطف بلوچ