بھارت اور پاکستان تحمل کا مظاہرہ کریں، یورپی یونین
26 فروری 2019نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کے ترجمان ماجاکوسی آن سک نے برسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’’ ہم دونوں ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ ممالک انتہائی صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور دونوں ممالک میں تناؤ کو کم کیا جائے۔‘‘
’جنگ میں خوشی نہیں منائی جاتی‘
کیا میڈیا بھارت کو ’پوائنٹ آف نو ریٹرن‘ کی طرف لے کر گیا؟
بھارت کا کہنا ہے کہ کہ اس کے جنگی طیاروں نے پاکستان کی سرزمین پر جیش محمد نامی گروہ کے ٹھکانے پر حملہ کر کے کئی سو عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
پاکستانی حکام نے بھی کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور پاکستانی علاقے بالاکوٹ میں بارودی مواد پھینک دیا تھا۔ پاکستان کا دعویٰ ہے کہ بھارتی حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
چودہ فروری کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے قافلے پر ایک خود کش حملہ کیا گیا تھا جس میں قریب چالیس فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے کے بعد سے دونوں ممالک میں کشیدگی جاری ہے۔ بھارت نے پاکستان کو اس حملے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔